امریکی انتخابی نتائج، عالمی منڈی میں ڈالر کی قدر میں کمی
- ڈالر انڈیکس 0.06 فیصد کمی کے بعد 101.41 پر آگیا
عالمی کرنسی مارکیٹ میں جمعرات کو امریکی ڈالر کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد سیاسی غیر یقینی صورتحال میں کمی اور عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی ہے۔
ڈالر انڈیکس 0.06 فیصد کمی کے بعد 101.41 پر آگیا، جبکہ گزشتہ سیشن میں بھی اس میں 0.36 فیصد کمی ہوئی تھی۔ یورو کی قدر 0.12 فیصد اضافے سے 1.1241 ڈالر ہوگئی، جبکہ جاپانی ین 0.08 فیصد مضبوط ہوکر 158.25 فی ڈالر پر آگیا۔
نیشنل آسٹریلیا بینک کے سربراہ برائے فارن ایکسچینج اسٹریٹجی رے ایٹریل کے مطابق امریکی انتخابات کے نتائج سے واشنگٹن میں سیاسی تعطل کے امکانات بڑھے ہیں، جبکہ ایران پر مزید فوجی حملوں کی توقعات کم ہوئی ہیں، جس سے امریکی ڈالر پر دباؤ آیا۔
ادھر برطانوی پاؤنڈ 0.38 فیصد اضافے سے 1.3462 ڈالر پر پہنچ گیا اور سات ہفتوں کی بلند ترین سطح کے قریب رہا۔ بینک آف انگلینڈ کی جانب سے افراط زر کے دباؤ کے باعث شرح سود میں مزید اضافے کی توقع ہے۔
جاپانی مرکزی بینک کے اجلاس کی تفصیلات سے بھی شرح سود میں مزید اضافے کے امکانات مضبوط ہوئے ہیں۔
دوسری جانب بٹ کوائن 0.60 فیصد اضافے سے 80 ہزار 660 ڈالر جبکہ ایتھریم 0.45 فیصد بڑھ کر 2 ہزار 428 ڈالر پر پہنچ گیا۔


Comments