پاکستان میں 2026 کا آٹھواں پولیو کیس خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر سے رپورٹ
- ملک میں رواں سال کا آٹھواں پولیو کیس خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر سے رپورٹ ہوا
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) نے بتایا ہے کہ پاکستان میں 2026 کا آٹھواں پولیو کیس خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر سے سامنے آیا ہے۔
اس تازہ کیس کے بعد رواں سال ملک میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے، جن میں سے چھ کا تعلق خیبر پختونخوا اور دو کا سندھ سے ہے۔
این ای او سی کے مطابق ملک کے 97 منتخب اضلاع میں پولیو سے بچاؤ کی خصوصی ذیلی قومی ویکسینیشن مہم 2 نومبر سے شروع ہوکر 8 نومبر تک جاری رہے گی۔
ایک ہفتے کی اس مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
این ای او سی نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ ہر مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں اور معمول کی حفاظتی ویکسینیشن کا کورس بھی مقررہ وقت پر مکمل کرائیں۔
ادارے نے معاشرے کے تمام طبقات سے بھی پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس مرض کا کوئی علاج نہیں، تاہم ویکسینیشن کے ذریعے اس سے بچاؤ ممکن ہے۔


Comments