حافظ آباد میں مسافر بس نالے میں جاگری، 5 افراد جاں بحق، 20 زخمی
- ضلعی ریسکیو کنٹرول روم کے مطابق امدادی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے
ریسکیو 1122 کے مطابق جمعرات کی صبح حافظ آباد کے علاقے پنڈی بھٹیاں کے قریب ایک مسافر بس الٹ کر نالے میں جا گری، جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق بس لاہور سے چنیوٹ جا رہی تھی کہ فتح کی ڈرین پل کے قریب یو ٹرن لیتے ہوئے مبینہ طور پر ڈرائیور کو نیند آگئی، جس کے باعث گاڑی بے قابو ہوکر نالے میں جا گری۔
حادثے کی اطلاع جمعرات کی صبح تقریباً 4 بج کر 20 منٹ پر ملنے کے بعد پنڈی بھٹیاں سے امدادی ٹیمیں روانہ کی گئیں۔
زخمیوں کو جائے حادثہ پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد پنڈی بھٹیاں کے تحصیل ہیڈکوارٹرز (ٹی ایچ کیو) اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے پانچوں افراد کی لاشیں بھی اسپتال پہنچا دی گئیں۔
ریسکیو 1122 نے بتایا کہ مقامی حکومت کی معاونت سے نالے میں گری بس کو نکالنے کے لیے کرین کا انتظام کیا گیا۔
ضلعی ریسکیو کنٹرول روم کے مطابق امدادی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے۔


Comments