بارسلونا کو جولین الواریز سے رابطے پر 602 یورو جرمانہ
- ایٹلیٹکو میڈرڈ نے بارسلونا پر ارجنٹائنی فٹبالر سے رابطے کا الزام عائد کیا، جن کا معاہدہ جون 2030 تک ہے
اسپینش فٹ بال فیڈریشن نے ایٹلیٹکو میڈرڈ کی شکایت پر بارسلونا کو اس کے ارجنٹائنی اسٹرائیکر جولین الواریز سے رابطے کے معاملے میں 602 یورو جرمانہ کردیا۔
ایٹلیٹکو کا الزام تھا کہ بارسلونا نے جون 2030 تک معاہدے کے پابند الواریز سے رابطے سے قبل کلب کو تحریری طور پر آگاہ نہیں کیا۔ فیڈریشن کے ضابطوں کی دفعہ 133 کے تحت جرمانہ عائد کیا گیا۔ ایٹلیٹکو نے فیفا سے بھی شکایت کی تھی، تاہم عالمی فٹ بال تنظیم نے قرار دیا کہ یہ معاملہ اس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔
دوسری جانب الواریز نے ہفتے کو ڈیپورٹیوو لا کورونا کے خلاف فیصلہ کن گول کرکے ایٹلیٹکو کو کامیابی دلائی۔ مسلسل دوسرے میچ میں گول کرنے کے بعد ان کی ٹیم لا لیگا میں سرفہرست بارسلونا سے صرف دو پوائنٹس پیچھے رہ گئی۔
اس سے قبل الواریز نے بارسلونا کے لیے کھیلنے کی خواہش ظاہر کرنے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی غلطی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ شائقین کیوں ناراض ہیں اور اگر وہ ان کی جگہ ہوتے تو انہیں بھی غصہ آتا۔
الواریز کے مطابق 2026 کے ورلڈ کپ کے دوران ان کے اس بیان جس میں انہوں نے بارسلونا کے لیے کھیلنے کو اپنا خواب قرار دیا تھا نے گرمیوں کی ٹرانسفر ونڈو کے دوران تنازع کھڑا کردیا۔ رواں سیزن ہوم گراؤنڈ پر انہیں اکثر شائقین کی ناپسندیدگی کا سامنا رہا لیکن ہفتے کو گول کے بعد تماشائیوں کے ایک حصے نے کھڑے ہوکر ان کی پذیرائی کی، جو تعلقات میں بہتری کا اشارہ ہے۔


Comments