شرح سود سے متعلق فیصلے کا انتظار، سونے کی قیمت میں کمی
عالمی منڈی میں منگل کو سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ امریکی ڈالر کی مضبوطی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے امریکی فیڈرل ریزرو کے پالیسی اجلاس کے فیصلے کا انتظار ہے۔ سرمایہ کار شرح سود کے مستقبل سے متعلق پالیسی سازوں کے اشاروں کے منتظر ہیں۔
عالمی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 21 منٹ پر اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.2 فیصد کمی کے بعد 4,007.29 ڈالر فی اونس رہی، جبکہ دسمبر میں فراہمی کے لیے امریکی سونے کے مستقبل کے سودے 0.5 فیصد گر کر 4,019.70 ڈالر فی اونس پر آگئے۔
امریکی ڈالر ایک ہفتے کی بلند ترین سطح کے قریب مستحکم رہا، جس سے دیگر کرنسیوں کے حامل خریداروں کے لیے ڈالر میں قیمت مقرر کیے جانے والے سونے کی کشش کم ہوگئی۔
ٹیسٹائیو کے عالمی میکرو شعبے کے سربراہ الیا اسپیواک کے مطابق گزشتہ ہفتے بڑی گراوٹ کے بعد سونے کی قیمتیں جمعے کی حدود میں اتار چڑھاؤ کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر قیمت 3,900 ڈالر فی اونس سے نیچے آگئی تو مزید نمایاں کمی ہوسکتی ہے اور قیمت 3,800 ڈالر کی سطح آزما سکتی ہے۔
گزشتہ ہفتے سونے کی قیمت جولائی کے وسط کے بعد پہلی مرتبہ 4,000 ڈالر فی اونس سے نیچے آگئی تھی۔ توانائی کی بڑھتی قیمتوں سے افراط زر کے خدشات اور امریکی شرح سود میں اضافے کی توقعات مضبوط ہونے کے باعث سونے کی ہفتہ وار قیمت میں 4 فیصد کمی ہوئی، جو تقریباً چار ماہ کی بدترین کارکردگی تھی۔
فیڈرل ریزرو کے پالیسی سازوں نے رواں ہفتے شرح سود میں اضافے کا امکان مسترد کیا ہے، تاہم افراط زر سے متعلق خدشات کے باعث سرمایہ کاروں کو طویل وقفے کی توقع نہیں۔ منڈیاں بدھ کو فیڈ کے فیصلے اور جمعرات کو ذاتی کھپت کے اخراجات (پی سی ای) کے اعدادوشمار کی منتظر ہیں، جو مرکزی بینک کا افراط زر جانچنے کا ترجیحی پیمانہ ہے۔
دیگر دھاتوں میں چاندی 0.7 فیصد، پلاٹینم 0.8 فیصد اور پیلیڈیم 1.5 فیصد سستا ہوگیا۔


Comments