اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرانے کے چند ہی روز بعد ایپل نے پیر کو تسلیم کیا کہ بعض فونز کی اندرونی اسکرین میں خرابیاں سامنے آئی ہیں۔ کمپنی نے اعلان کیا کہ متاثرہ فونز تبدیل کردیے جائیں گے۔
ایپل نے گزشتہ ہفتے آئی فون ڈیو کی ترسیل شروع کی جس کے بعد دنیا بھر میں صارفین محدود تعداد میں دستیاب فونز کے حصول کے لیے قطاروں میں کھڑے ہوگئے۔ ابتدائی آن لائن آرڈرز چند ہی منٹوں میں فروخت ہوچکے تھے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایپل کو اس فون کی رسد میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے کیونکہ آئی فون ڈیو کو پاسپورٹ کی کتابچے کی طرح کھولا جا سکتا ہے اور اس کی تیاری کا عمل پیچیدہ ہے۔
گزشتہ ہفتے کے اختتام پر سوشل میڈیا پر ایسی تصاویر اور پوسٹس سامنے آئیں جن میں آئی فون ڈیو کی اندرونی اسکرین پر دراڑیں اور لکیریں دکھائی گئیں۔
ایپل نے پیر کو ان مسائل کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ فونز میں یہ خرابی جلد سامنے آجاتی ہے۔
ایپل نے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ آئی فون ڈیو کے محدود تعداد میں یونٹس کی اندرونی اسکرین میں ایک مسئلہ درپیش ہے۔ اگر صارفین کو اپنے آئی فون ڈیو کی اسکرین میں کوئی خرابی محسوس ہو تو انہیں فون کی تبدیلی کے لیے ایپل کیئر سے رابطہ کرنا چاہیے۔
ایپل نے اس مسئلے کی ممکنہ وجوہات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
الیکٹرانک آلات کو کھول کر ان کے اندرونی حصوں کا جائزہ لینے سے متعلق رپورٹس اور مرمت کے طریقوں پر رہنما ہدایات شائع کرنے والی کمپنی آئی فکس اِٹ نے بتایا کہ اس نے فون کھولنے کی ویڈیوز، پیٹنٹس اور سی ٹی اسکینز کی مدد سے آئی فون ڈیو کے قبضے (ہنج) کا سہ جہتی ماڈل تیار کیا جس کا موازنہ اسکرین کو نقصان پہنچنے کی رپورٹ شدہ جگہوں سے کیا گیا۔
آئی فکس اِٹ کے مطابق اس کی سیمولیشنز سے معلوم ہوا کہ اسکرین کو پہنچنے والے نقصان کی رپورٹ شدہ جگہیں اس مقام کے بالکل نیچے واقع ہیں جہاں اسکرین کے نیچے سے ایک ڈسپلے کیبل گزرتی ہے جو درمیان میں موجود ایک سپورٹ بار کے قریب ہوتی ہے۔ کمپنی نے کہا کہ ممکن ہے فون کو تہہ کرتے وقت یہ بار اسکرین کے راستے سے مکمل طور پر ہٹ نہیں پاتی جس کے باعث اس جگہ کے قریب دباؤ کا ایک چھوٹا سا مرکز بن جاتا ہے جہاں اسکرین ٹوٹنے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
ایپل نے آئی فکس اِٹ کے ان نتائج پر فوری کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ اپنی رپورٹ میں آئی فکس اِٹ نے یہ نتیجہ بھی اخذ کیا کہ اس کے آزمائے گئے فولڈ ایبل فونز میں آئی فون ڈیو کی مرمت کرنا سب سے آسان ہے۔
مارکیٹ ریسرچ فرم آئی ڈی سی کے نائب صدر فرانسسکو جیرونیمو نے کہا کہ ایپل کی جانب سے متاثرہ فونز کو فوری تبدیل کرنے کی پیشکش ان مسائل سے نمٹنے کے لیے درست پہلا قدم ہے۔
جیرونیمو نے کہا کہ ہم سب کو یاد ہے کہ 2019 میں سام سنگ کو اپنے پہلے گلیکسی فولڈ کے حوالے سے مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن اس تجربے نے یہ بھی ظاہر کیا کہ فوری اور شفاف ردِعمل کسی نئی مصنوعات کے شعبے کو پہنچنے والے نقصان کو محدود کر سکتا ہے۔


Comments