انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کی ٹیم میں آغا سلمان کی واپسی، رضوان ڈراپ
- نوجوان بیٹسمین سمیر منہاس اور طحٰہ کو سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرلیا گیا
پاکستان کے سابق کپتان سلمان آغا ہفتے کے روز سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں واپس آگئے ہیں، تاہم انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد بھی محمد رضوان ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔
سلمان آغا اور محمد رضوان ان سات کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہیں اگست میں انگلینڈ کے ٹیسٹ دورے سے واپس بھیج دیا گیا تھا۔ پاکستان کو اس سیریز میں 0-3 سے شکست ہوئی تھی۔
اس دورے کے بعد قومی ٹیم کے پہلے اسکواڈ میں بھی پانچ کھلاڑیوں کو نظر انداز کیا گیا ہے، جن میں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی شامل ہیں۔ وہ ملک کے سائبر کرائم ادارے کی جاری تحقیقات کی زد میں ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں ہفتے کے آغاز میں محمد رضوان کو ڈومیسٹک میچ کھیلنے کی اجازت دے دی تھی۔
سلمان آغا کے ساتھ بائیں ہاتھ کے اسپنر علی عثمان کو بھی دوبارہ ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔ انہیں انگلینڈ کے دورے کے دوران تیسرے اور آخری ٹیسٹ سے قبل وطن واپس بھیج دیا گیا تھا۔
بابر اعظم سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے۔ پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی، جبکہ دوسرا 17 سے 21 نومبر تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔
14 رکنی اسکواڈ میں تین ایسے بلے باز بھی شامل ہیں جو اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کرسکے۔ ان میں محمد طحٰہ، سمیر منہاس اور محمد سلیمان شامل ہیں، جنہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
دو ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان نویں اور آخری، جبکہ سری لنکا ساتویں نمبر پر ہے۔
اسکواڈ: بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ فضل، علی عثمان، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، غازی غوری، محمد سلیمان، محمد طحٰہ، رضا اللہ، سعد بیگ، سلمان آغا، سمیر منہاس اور سعود شکیل۔


Comments