بی بی سی کا 100 سے زائد ملازمتیں ختم، دو چینلز بند کرنے کا اعلان
- ادارے کا ہدف آئندہ دو برسوں کے دوران 500 ملین پاؤنڈ کی بچت کرنا ہے
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے مالی اخراجات میں کمی کے منصوبے کے تحت 100 سے زائد ملازمتیں ختم کرنے اور اپنے دو چینلز کی نشریات بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ادارے کا ہدف آئندہ دو برسوں کے دوران 500 ملین پاؤنڈ (668 یو ایس ڈی ملین) کی بچت کرنا ہے۔
بی بی سی نیوز کی ڈائریکٹر ریچل جپ کے ایک داخلی نوٹ کے مطابق بی بی سی نیوز میں 100 سے کچھ زائد اسامیاں ختم کی جائیں گی۔ یہ اقدام بی بی سی کے اس وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت مجموعی طور پر تقریباً 2 ہزار ملازمتیں ختم کرکے اخراجات میں کمی لانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ریچل جپ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بھیجے گئے نوٹ میں بتایا کہ ملازمتوں میں کٹوتی سے 55 لاکھ پاؤنڈ کی بچت متوقع ہے۔
ریچل جپ کو رواں ماہ بی بی سی نیوز کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا تھا۔ ان سے قبل اس عہدے پر فائز شخصیت نے گزشتہ سال بی بی سی کی ایک دستاویزی فلم میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ویڈیو کو گمراہ کن انداز میں ایڈٹ کرکے پیش کرنے پر پیدا ہونے والے تنازع کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔
بی بی سی نے مزید اعلان کیا ہے کہ وہ بی بی سی اسکاٹ لینڈ اور نوجوانوں کے لیے مختص چینل بی بی سی تھری کی روایتی نشریات بند کردے گا، تاہم دونوں چینلز کا مواد ادارے کے آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’آئی پلیئر‘ پر دستیاب رہے گا۔
اس کے علاوہ ریڈیو 4 ایکسٹرا بھی بند کیا جائے گا جبکہ اس کے زیادہ تر آرکائیو پر مبنی پروگرام بی بی سی کے آڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم بی بی سی ساؤنڈز پر فراہم کیے جائیں گے۔


Comments