کولمبیا میں غیر قانونی سونے کی کان بیٹھ گئی، 14 افراد ہلاک، 7 زخمی
- صوبہ ناریانو کے گورنر لوئس الفونسو ایسکوبار نے بتایا کہ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
کولمبیا کے جنوب مغربی علاقے میں غیر قانونی سونے کی کان بیٹھنے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔ مقامی حکام نے پیر کو واقعے کی تصدیق کی ہے۔
حادثہ صوبہ ناریانو کی سانتا باربرا دے ایسکواندے میونسپلٹی کے دیہی علاقے چیمبیرو میں پیش آیا، جہاں غیر قانونی کان بیٹھ گئی اور اس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔
صوبہ ناریانو کے گورنر لوئس الفونسو ایسکوبار نے بتایا کہ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
گورنر نے قومی حکومت، نیشنل مائننگ ایجنسی اور وزارتِ کان کنی و توانائی پر زور دیا کہ غیر قانونی اور چھوٹے پیمانے پر کان کنی کرنے والوں کو قانونی دائرے میں لانے کا عمل تیز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے کان کنوں کے لیے کام کے حالات بہتر بنانے اور حفاظتی معیار بلند کرنے میں مدد ملے گی۔
رواں سال اگست میں بھی صوبہ ناریانو کے قصبے پولیکارپا میں کان کنی کے ایک ایسے ہی حادثے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
کولمبیا کے دیہی علاقوں میں غیر رسمی اور غیر منظم کان کنی عام ہے۔ ان علاقوں میں کان کنی کے متعدد مقامات پر حفاظتی انتظامات اور ضروری بنیادی ڈھانچے کی کمی پائی جاتی ہے، جس کے باعث اکثر مہلک حادثات پیش آتے ہیں۔
حکام کے مطابق، کان کنی کے شعبے کو قانونی دائرے میں لانا اور حفاظتی انتظامات بہتر بنانا ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے اہم ہے۔


Comments