حریف کھلاڑی بھی شاہی ہوپ کی شاندار کارکردگی کے معترف
- ویسٹ انڈین کپتان ہوپ نے 50 گیندوں پر 9 چھکے جڑے اور مسلسل پلیئر آف دی میچ ایوارڈز جیتنے میں کامیاب رہے
بھارت کے دورے پر ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ تیسرا پلیئر آف دی میچ ایوارڈ جیتنے کے بعد اب وطن واپسی پر اضافی سامان کے کرائے کے خدشے سے پریشان ہیں۔
حیدرآباد میں کھیلے گئے چوتھے ٹی 20 انٹرنیشنل میں ہوپ نے ناقابل شکست 102 رنز بنا کر ٹیم کو 24 رنز سے کامیابی دلائی، جس سے سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی۔ اس سے قبل رانچی میں دوسرے ٹی 20 میچ میں بھی انہوں نے سنچری اسکور کی تھی۔
شائی ہوپ بھارت کے دورے کے دوران شاندار فارم میں رہے اور ون ڈے سیریز میں بھی دو سنچریاں بنا چکے ہیں۔ تاہم مسلسل ایوارڈز جیتنے پر خوشی کے ساتھ انہیں سامان کے وزن کی فکر بھی لاحق ہوگئی ہے۔
ہوپ نے مذاقاً کہا کہ ایوارڈز کافی بھاری ہیں اور واپسی پر سامان کے وزن کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔ ان کے مطابق حیدرآباد میں اچھی شروعات کامیابی کی کنجی ثابت ہوئی، جہاں ابتدائی شراکت 50 رنز سے زائد رہی۔
انہوں نے 50 گیندوں پر نو چھکے بھی لگائے۔ بھارتی اوپنر سنجو سیمسن نے ان کی بیٹنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہوپ عمدہ شاٹس کھیل رہے ہیں، غیر ضروری خطرات سے گریز کرتے اور بولرز کا احترام بھی کرتے ہیں۔
دونوں ٹیمیں ہفتے کو بنگلورو میں سیریز کے فیصلہ کن میچ میں مدمقابل ہوں گی۔ اس کے بعد ویسٹ انڈیز رواں ماہ بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی، جہاں فروری میں ون ڈے ورلڈ کپ کوالیفائرز کی تیاری کے لیے ہوپ کو آرام دیا جائے گا۔


Comments