کرسٹیانو رونالڈو کی قومی ٹیم میں واپسی کا امکان، پرتگال کوچ اور فیڈریشن کا بڑا اعلان
- قومی ٹیم سے علیحدگی اختیار کرنے کی وجوہات مناسب وقت پر بیان کرونگا، رونالڈو
پرتگال کے ہیڈ کوچ جارج جیزس نے کہا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو اگر چاہیں تو قومی ٹیم میں واپس آسکتے ہیں، یوں گزشتہ ہفتے اچانک اسکواڈ سے علیحدگی اختیار کرنے والے 41 سالہ کپتان کے لیے دروازہ کھلا رکھا گیا ہے۔
رونالڈو ناروے کے خلاف فتح میں متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے بینچ پر رہنے اور یہ جاننے کے بعد پرتگال کے تربیتی کیمپ سے چلے گئے تھے کہ انہیں ڈنمارک کے خلاف میچ میں ابتدائی کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
بعد ازاں انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا کہ وہ قومی ٹیم سے علیحدگی اختیار کرنے کی وجوہات مناسب وقت پر بیان کریں گے۔
جیزس نے اتوار کو ناروے کے خلاف پرتگال کی نیشنز لیگ میں 2-1 سے کامیابی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ چاہیں تو قومی ٹیم میں واپس آجائیں گے۔ اگلے اسکواڈ کے اعلان سے قبل ہم بات کرسکتے ہیں لیکن فیصلہ کرس خود کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ بھی انہیں ہی کرنا چاہیے کہ وہ قومی ٹیم کے ساتھ اپنا سفر کس طرح ختم کرنا چاہتے ہیں۔ جب مجھے پہلی بار ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا تو میں نے کہا تھا کہ مجھے آپ کی ضرورت ہے، مجھے آپ کی ضرورت ہے کہ آپ میرے قریب رہیں، چاہے کھیلیں یا نہ کھیلیں، مجھے آپ کی ضرورت ہے۔ اور اب بھی میں یہی کہہ رہا ہوں۔
دفاعی چیمپئن پرتگال نے رونالڈو کے بغیر ڈنمارک کو 4-2 سے شکست دی اور پھر اتوار کو ناروے کو ہرا کر گروپ اے 4 میں اپنا 100 فیصد ریکارڈ برقرار رکھا اور نیشنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بھی پکی کرلی۔
رونالڈو پرتگال کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے والے اور سب سے زیادہ بین الاقوامی میچ کھیلنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 234 بین الاقوامی میچوں میں 146 گول کیے ہیں۔ پرتگالی فٹبال فیڈریشن کے صدر پیڈرو پروئنسا نے بھی کہا کہ رونالڈو ٹیم کے منصوبوں کا حصہ ہیں اور اس معاملے کو ایک غلط فہمی قرار دیا جسے اندرونی طور پر حل کرلیا جانا چاہیے۔
پروئنسا نے آر ٹی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کھیلوں کی صلاحیت اور کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم کا حصہ ہیں اور اس پر کوئی سوال نہیں اٹھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں کرسٹیانو رونالڈو کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیے۔
جیزس جو سعودی عرب کے کلب النصر میں بھی رونالڈو کے کوچ رہ چکے ہیں، توقع رکھتے ہیں کہ اگر رونالڈو واپس آنا چاہیں تو اگلے بین الاقوامی وقفے کے دوران قومی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
پرتگال 14 نومبر کو ڈنمارک کی میزبانی کرے گا جس کے تین روز بعد 17 نومبر کو ویلز کا دورہ کرے گا۔


Comments