کراچی میں بندرگاہی کاروبار کے لیے ون ڈور سہولت مرکز قائم کرنے کا فیصلہ
- اس اقدام کا مقصد بندرگاہ سے متعلق کاروباری اداروں کے لیے سرکاری خدمات تک رسائی آسان بنانا ہے
وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چوہدری نے کراچی میں ون ونڈو سہولت مرکز کے قیام پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ بندرگاہ سے متعلق کاروباری خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جاسکیں۔
وفاقی وزیر نے یہ ہدایت وزارتِ بحری امور کے جاری منصوبوں اور اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ہفتہ وار جائزہ اجلاس کے دوران دی۔
اجلاس میں بحری تجارت کو سہولت فراہم کرنے، ماہی گیری کے شعبے کو مضبوط بنانے اور ملک کی بلیو اکانومی کو ترقی دینے کے لیے مختلف منصوبوں اور پالیسی اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کاروباری سہولت کے لیے مجوزہ ون ڈور سیل پر کام تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد بندرگاہ سے متعلق کاروباری اداروں کے لیے سرکاری خدمات تک رسائی آسان بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے تجارتی سہولت کاری کے وژن کے مطابق بندرگاہی تجارت سے متعلق تمام خدمات ایک ہی چھت تلے دستیاب ہونی چاہئیں۔
اجلاس میں بحری جہازوں کی رجسٹریشن کے عمل اور ماہی گیری کے جہازوں کی رجسٹریشن کو آسان بنانے کی تجاویز کے ساتھ ساتھ بلیو اکانومی اور ماہی گیری کی مصنوعات کے برآمد کنندگان کے لیے ٹیکس مراعات سے متعلق اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر کو قومی بحری پالیسی اور قومی ماہی گیری و آبی زراعت پالیسی کی تشکیل پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
شپنگ اور ٹرانس شپمنٹ پالیسی بھی زیرِ بحث آئی جبکہ پورٹ قاسم پر جاری ترقیاتی منصوبوں جن میں سی ٹو اسٹیل منصوبہ اور مجوزہ انٹیگریٹڈ میری ٹائم انڈسٹریل کمپلیکس شامل ہیں پر بھی غور کیا گیا۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ کی منوڑہ ورکشاپ کی بحالی اور گوادر پورٹ پر جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں میری ٹائم ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ پر بھی غور کیا گیا جس کا مقصد بحری تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں پر پیشرفت کی رفتار برقرار رکھی جائے اور بروقت عمل درآمد یقینی بنایا جائے جبکہ بحری شعبے میں کاروبار کرنے میں آسانی کو بہتر بنانے والے اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے۔


Comments