ورلڈ کپ 2027ء میرا آخری ورلڈ کپ ہوگا، کوہلی
- 2027 کا ورلڈ کپ اکتوبر سے نومبر کے دوران جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں ہوگا
بھارت کے بلے باز ویرات کوہلی نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی افریقہ، نمیبیا اور زمبابوے میں منعقد ہونے والا آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ ان کا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔
54 سنچریوں کے ساتھ ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کوہلی پہلے ہی ٹی20 انٹرنیشنل اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں اور اب وہ صرف 50 اوورز کی فارمیٹ میں بھارت کی نمائندگی کرتے ہیں۔
37 سالہ بلے باز نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں 14,941 رنز بنائے ہیں اور وہ 18,426 رنز بنانے والے سچن ٹنڈولکر کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔ کوہلی نے 2011 میں اپنی سرزمین پر ورلڈ کپ جیتا تھا جبکہ 2023 کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
2027 کا ورلڈ کپ اکتوبر سے نومبر کے دوران جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں ہوگا اور یہ کوہلی کا پانچواں ون ڈے ورلڈ کپ ہوگا۔
کوہلی نے ہفتے کو براڈکاسٹر جیو اسٹار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہ بھارت کی جانب سے کھیلا جانے والا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ اپنی پوری صلاحیت صرف کردوں۔ یقیناً مقصد ورلڈ کپ جیتنا ہے اور اس کے لیے جو کچھ بھی کرنا پڑا، میں اس کے لیے پوری طرح تیار ہوں۔


Comments