سیاحتی مرکز ایتھنز میں دھماکے سے عمارت منہدم، 5 افراد لاپتہ
- وسطی ایتھنز میں زوردار دھماکے سے ایک عمارت منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں سیاحوں میں مقبول علاقے پلاکا میں 5 افراد لاپتہ اور 3 زخمی ہوگئے
وسطی ایتھنز کے ایک سیاحتی علاقے میں جمعہ کو دھماکے کے نتیجے میں رہائشی عمارت منہدم ہوگئی، جس کے بعد 5 افراد لاپتہ ہیں جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے تاریخی علاقے میں متعدد گھروں، دکانوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
ایتھنز کے معروف سیاحتی مقامات، جن میں ایکروپولس اور زیوس کا مندر شامل ہیں، کے قریب پلاکا کے علاقے میں واقع دو منزلہ عمارت میں دھماکا کس وجہ سے ہوا، یہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا۔
دھماکے سے متاثرہ عمارت مڑے ہوئے لوہے، ٹوٹی ہوئی بالکونیوں اور لٹکتے ہوئے کنکریٹ کے ٹکڑوں کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی۔ دھماکے کے نتیجے میں پتھر اور شیشے کے ٹکڑے تین بلاکس دور تک جاگرے۔
فائر بریگیڈ کا ایک اہلکار نے رائٹرز کو بتایا کہ امدادی ٹیمیں عمارت میں رہنے والے ایک معمر جوڑے سمیت 5 لاپتہ افراد کی تلاش کر رہی ہیں۔ پولیس کے ایک اہلکار کے مطابق عمارت کا ایک حصہ سیاحوں کو قلیل مدتی کرائے پر دیا جاتا تھا۔
یہ علاقہ متعدد ہوٹلوں اور قلیل مدتی رہائش گاہوں کا مرکز ہے، جہاں کیفے اور یادگاری اشیا کی دکانوں سے سجی تنگ گلیوں میں سیاحوں کا ہجوم رہتا ہے۔
جمعہ کی صبح دھویں کے بادل قدیم یادگاروں کے اوپر اٹھتے دکھائی دیے، جبکہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور ایمبولینسیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
مقامی رہائشی آندریاس مارزاکلس نے کہا، ’’ایسا لگا جیسے پوری عمارت، پورا بلاک ہی دھماکے سے اڑ گیا ہو۔ دھماکا اتنا زوردار تھا۔‘‘
حکام کے مطابق ایک راہگیر بھی زخمی ہوا۔ ایک ملحقہ عمارت میں پھنسنے والی 2 خواتین کو بحفاظت نکال لیا گیا اور انہیں اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔


Comments