آپریشن شعبان 2 : بلوچستان کے علاقے ساران تنگی میں 6 دہشت گرد ہلاک
- صدرِ مملکت اور وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو خراجِ تحسین
ریڈیو پاکستان نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ بلوچستان کے علاقے ساران تنگی میں آپریشن شعبان 2 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک جبکہ 9 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کی گئی۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔
صدرِ مملکت اور وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو خراجِ تحسین
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو بلوچستان کے علاقے ساران تنگی میں کارروائی کے دوران فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدر زرداری نے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی مداخلت کے نتیجے میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
صدر نے کہا کہ فتنۃ الہندوستان اور اس کے سہولت کار پاکستان کے امن اور استحکام کو نقصان پہنچانے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کامیاب کارروائی اور دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا دیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن شعبان-2 جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن، سلامتی اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو پوری قوت سے ناکام بنایا جائے گا، جبکہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپاہیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔


Comments