موبائل فون کی درآمدات میں 8.85 فیصد کمی
- رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں درآمدات کم ہو کر 27 کروڑ 41 لاکھ 29 ہزار ڈالر رہ گئیں
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی موبائل فون درآمدات رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران 8.85 فیصد کم ہو کر 27 کروڑ 41 لاکھ 29 ہزار ڈالر رہ گئیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 30 کروڑ 7 لاکھ 41 ہزار ڈالر تھیں۔
روپے کی قدر میں موبائل فون کی درآمدات جولائی تا اگست 2026 کے دوران 10.53 فیصد کم ہو کر 762.67 ارب روپے رہیں، جبکہ 2025 کی اسی مدت میں یہ 852.45 ارب روپے تھیں۔
سالانہ بنیاد پر بھی اگست 2026 میں موبائل فون کی درآمدات میں 13.82 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 13 کروڑ 36 لاکھ 95 ہزار ڈالر رہیں، جو اگست 2025 میں 15 کروڑ 51 لاکھ 29 ہزار ڈالر تھیں۔
ماہانہ بنیاد پر اگست 2026 میں موبائل فون کی درآمدات 4.80 فیصد کم ہوئیں، جبکہ جولائی 2026 میں یہ 14 کروڑ 4 لاکھ 34 ہزار ڈالر تھیں۔
اس کے برعکس زیرِ جائزہ مدت کے دوران پاکستان میں ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی طلب نسبتاً مضبوط رہی، جس کے باعث ٹیلی کام آلات کی درآمدات جولائی تا اگست 2026 میں 8.95 فیصد بڑھ کر 43 کروڑ 20 لاکھ 44 ہزار ڈالر ہوگئیں، جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں یہ 39 کروڑ 55 لاکھ 36 ہزار ڈالر تھیں۔
روپے کی قدر میں رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران ٹیلی کام آلات کی درآمدات 6.95 فیصد بڑھ کر 1202.11 ارب روپے ہوگئیں، جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں یہ 1123.98 ارب روپے تھیں۔
ٹیلی کام آلات کی درآمدات میں اضافہ ملک کے ٹیلی کام انفراسٹرکچر میں مسلسل سرمایہ کاری کے دوران ہوا ہے، جس میں نیٹ ورک کی توسیع اور نئی نسل کی موبائل خدمات کے اجرا کی تیاری بھی شامل ہے۔
تاہم سالانہ بنیاد پر اگست 2026 میں ٹیلی کام آلات کی درآمدات 3.42 فیصد کم ہو کر 19 کروڑ 72 لاکھ 69 ہزار ڈالر رہیں، جو اگست 2025 میں 20 کروڑ 42 لاکھ 63 ہزار ڈالر تھیں۔
ماہانہ بنیاد پر اگست 2026 میں ٹیلی کام آلات کی درآمدات 15.98 فیصد کم ہوئیں، جبکہ جولائی 2026 میں یہ 23 کروڑ 47 لاکھ 75 ہزار ڈالر تھیں۔
درآمدات کے ان متضاد رجحانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیلی کام سے متعلق درآمدات کی ساخت میں تبدیلی آ رہی ہے، جہاں انفراسٹرکچر اور نیٹ ورک کے آلات بدستور درآمدی طلب پیدا کر رہے ہیں، جبکہ مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران موبائل فون ہینڈ سیٹس کی درآمدات نسبتاً کم رہیں۔


Comments