سعودی عرب کے دفاع کیلئے پاکستان کسی بھی حد تک جائے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر
- پاکستان مکمل طور پر سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری
ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے عرب نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے دفاع کے لیے کسی بھی حد تک جائے گا جبکہ مملکت کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے پاکستان کا عزم غیر مشروط ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کے خلاف سعودی عرب کا دفاع جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مکمل طور پر سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور دونوں ممالک اپنے عوام، سیاسی قیادت اور مسلح افواج کے درمیان قائم تاریخی اور ناقابلِ تسخیر تعلقات کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب سے کیے گئے اپنے وعدوں پر بدستور قائم ہے اور حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس کے تحفظ کے لیے موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان 7 اگست کو طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ معاہدے میں تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کی بھی گنجائش رکھی گئی ہے جبکہ کسی حملے کی صورت میں تینوں فریق باہمی مشاورت کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ موجودہ علاقائی کشیدگی کے دوران پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سعودی قیادت کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ اسلام آباد کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے ذریعے بحران کے پُرامن حل کے لیے سفارتی کوششیں بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب سعودی عرب کو حوثیوں کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کا سامنا ہے۔ حالیہ حملوں کے تناظر میں پاکستان سعودی عرب کی سلامتی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرچکا ہے۔


Comments