اسٹیٹ بینک پیٹرولیم ڈیلرز کو سبسڈی کی رقم 48 گھنٹوں میں ادا کریگا
- پٹرولیم ڈیلرز نے حکومت کے ریلیف پیکیج پر عمل درآمد شروع کردیا
حکومت اور پٹرولیم ڈیلرز کے درمیان جمعرات کو پٹرول ریلیف پیکیج کے تحت 100 روپے فی لیٹر سبسڈی کی ادائیگی کے طریقہ کار پر اتفاق ہوگیا، جس کے بعد پیکیج پر عمل درآمد کو خطرے میں ڈالنے والا تعطل ختم ہوگیا ہے۔
یہ اتفاق وزارتِ پٹرولیم اور پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) کے درمیان ہنگامی اجلاس میں ہوا، جو سبسڈی کی رقم کی واپسی سے متعلق ڈیلرز کے تحفظات دور کرنے کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
پی پی ڈی اے کے مطابق ریلیف پیکیج کے تحت پٹرولیم ڈیلرز کو واجب الادا رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذریعے ادا کی جائے گی اور متعلقہ ڈیلرز کے بینک کھاتوں میں 48 گھنٹوں کے اندر منتقل کردی جائے گی۔ حکومت کی جانب سے ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
اجلاس آن لائن منعقد ہوا، جس میں پی پی ڈی اے کے چیئرمین ملک خدا بخش، وائس چیئرمین طارق حسن، انور کمال اور ملک شیر خان نے شرکت کی، جبکہ پی پی ڈی اے سندھ کے صدر امیر خان نے زوم کے ذریعے شرکت کی۔
اتفاق رائے کے بعد پی پی ڈی اے نے کہا کہ پٹرولیم ڈیلرز نے حکومت کے ریلیف پیکیج پر عمل درآمد شروع کردیا ہے۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب پی پی ڈی اے نے اس سے قبل سبسڈی کی رقم کی واپسی کے واضح طریقہ کار کی عدم موجودگی کا حوالہ دیتے ہوئے پیکیج پر عمل درآمد سے انکار کردیا تھا۔
اس سے قبل جمعرات کو پی پی ڈی اے کے چیئرمین ملک خدا بخش نے بزنس ریکارڈر کو بتایا تھا کہ وزارتِ پٹرولیم نے ایسوسی ایشن سے رابطہ کرکے آن لائن اجلاس طلب کیا ہے، جس میں ڈیلرز کو سبسڈی کی رقم کی واپسی کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے اور ان کے تحفظات دور کرنے پر بات ہوگی۔
حکومت نے پٹرول ریلیف پیکیج کے تحت یکم جنوری 2011 کے بعد رجسٹرڈ موٹرسائیکلوں، چنگچی رکشوں، رکشوں اور 800 سی سی تک انجن کی حامل گاڑیوں کے لیے 100 روپے فی لیٹر سبسڈی کا اعلان کیا ہے۔
اس اسکیم پر ملک بھر میں 17 ستمبر سے عمل درآمد ہونا تھا۔
پی پی ڈی اے کا مؤقف تھا کہ پیکیج کے اعلان سے قبل ڈیلرز کو اعتماد میں نہیں لیا گیا اور ایسوسی ایشن نے سبسڈی کی ادائیگی کے شفاف طریقہ کار پر مشاورت کا مطالبہ کیا تھا۔
اس سے قبل ایک پریس کانفرنس میں خدا بخش نے کہا تھا کہ ایسوسی ایشن کے ساتھ قابل قبول سبسڈی ادائیگی کے طریقہ کار پر اتفاق ہونے تک پٹرول پمپس ریلیف پیکیج کے تحت ایندھن فروخت نہیں کریں گے۔
پی پی ڈی اے نے کہا کہ وزیر پٹرولیم نے ڈیلرز کو یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ آئندہ تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مشاورت کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جائے گا۔
ایسوسی ایشن نے امید ظاہر کی کہ طے شدہ ادائیگی کے طریقہ کار پر بروقت عمل درآمد سے ڈیلرز کے تحفظات دور ہوں گے اور ملک بھر میں ریلیف پیکیج پر عمل درآمد میں سہولت ملے گی۔


Comments