یمن میں تنازع کے باعث ایک لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوگئے، اقوام متحدہ
- حوثی باغی یمن کے بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقے میں اہم آبنائے باب المندب کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں، جس سے تنازع شدت اختیار کر گیا ہے اور ایک لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں، یو این ایچ سی آر
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے منگل کو کہا ہے کہ یمن میں دوبارہ شروع ہونے والے تنازع کے باعث ایک لاکھ سے زائد افراد ملک کے اندر ہی بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ مزید ہزاروں افراد سمندر کے راستے فرار ہو کر جبوتی پہنچ گئے ہیں۔
یو این ایچ سی آر نے ایک بیان میں کہا، ’’انسانی امداد کی رسائی بدستور ایک بڑا چیلنج ہے۔ بدامنی، سڑکوں کو پہنچنے والے نقصانات، مواصلاتی نظام میں خلل اور نقل و حرکت پر پابندیاں امدادی کارروائیوں کو متاثر کر رہی ہیں۔‘‘
یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے شہروں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے تیز کر دیے ہیں، جبکہ وہ یمن کے بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقے میں اہم تجارتی بحری راستے آبنائے باب المندب کی جانب بھی پیش قدمی کر رہے ہیں۔
حوثیوں کی اس کارروائی کے جواب میں سعودی اور یمنی فضائی افواج نے حوثی ٹھکانوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔


Comments