شرح سود میں اضافے کی توقعات مضبوط، ڈالر دو ہفتوں کی بلند ترین سطح کے قریب
- ڈالر انڈیکس 99.55 پر رہا۔ یورو معمولی کمزوری کے ساتھ 1.1538 ڈالر جبکہ برطانوی پاؤنڈ 1.3494 ڈالر پر آگیا۔
ڈالر منگل کو معمولی اضافے کے ساتھ تقریباً دو ہفتوں کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گیا، کیونکہ تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافے نے امریکی ٹریژری بانڈز کی شرح منافع بڑھا دی اور فیڈرل ریزرو کی جانب سے رواں ہفتے شرح سود میں اضافے کی توقعات مزید مضبوط ہوگئیں۔
مارکیٹ میں بدھ کو فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود بڑھائے جانے کے امکانات تقریباً یقینی سمجھے جارہے ہیں۔ سی ایم ای کے فیڈ واچ ٹول کے مطابق شرح سود میں اضافے کا امکان تقریباً 93 فیصد ہے، جو تین سال سے زائد عرصے میں پہلا اضافہ ہوگا۔
او سی بی سی کے ایف ایکس تجزیہ کار کرسٹوفر وونگ نے کہا کہ بلند تیل قیمتوں، امریکی بانڈز کی زیادہ شرح منافع اور کمزور خطرہ مول لینے کے رجحان نے امریکی ڈالر کو وسیع پیمانے پر سہارا دیا۔
ڈالر انڈیکس 99.55 پر رہا۔ یورو معمولی کمزوری کے ساتھ 1.1538 ڈالر جبکہ برطانوی پاؤنڈ 1.3494 ڈالر پر آگیا۔ ین بھی سات ماہ کی بلند سطح سے پیچھے ہٹتے ہوئے 0.2 فیصد کم ہوکر 154.72 فی ڈالر پر آگیا۔
تیل کی قیمتیں 107 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئیں، جس سے افراط زر کے خدشات بڑھے اور 10 سالہ امریکی ٹریژری کی شرح منافع گزشتہ روز 5 فیصد کی اہم سطح سے تجاوز کرگئی۔
دوسری جانب بینک آف جاپان کی جانب سے جمعہ کو شرح سود بڑھانے کی توقع ہے۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلوی ڈالر بھی تقریباً 0.1 فیصد کمزور رہے۔


Comments