دہلی میں عمارت منہدم، 6 افراد جاں بحق؛ ملبے تلے امدادی کارروائیاں جاری
- متاثرہ عمارت میں طلبہ رہائش پذیر تھے، امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف
بھارت کے دارالحکومت دہلی میں طلبہ کی رہائشی عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے پیر کو بتایا کہ امدادی کارکن ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق شہر کے جنوبی حصے میں کالجوں اور جامعات کے قریب واقع اس عمارت میں تہہ خانہ اور پانچ بالائی منزلیں تھیں، جہاں طلبہ رہائش پذیر تھے۔
دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے صحافیوں کو بتایا، ’’یہ بات یقینی ہے کہ عمارت کے تہہ خانے میں پانی موجود تھا اور پانی جمع ہونے کے باعث، تعمیراتی مرمت کا کام جاری ہونے کے دوران، پرانی عمارت منہدم ہوگئی۔‘‘
اتوار کو عمارت منہدم ہونے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں جائے وقوع پر اینٹوں اور ٹوٹے ہوئے کنکریٹ کے ستونوں کا ملبہ دیکھا گیا، جبکہ پولیس، امدادی کارکن اور مقامی افراد ملبے تلے دبے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف تھے۔
گپتا نے بتایا کہ زندہ نکالے جانے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کیے گئے 6 افراد کی حالت مستحکم ہے۔
ٹی وی چینلز کی رپورٹس کے مطابق، پولیس عمارت کے مالک کی تلاش میں ہے۔
بھارت میں عمارتیں منہدم ہونے کے واقعات عام ہیں، خصوصاً گنجان شہری علاقوں میں جہاں غیر قانونی تعمیرات بڑے پیمانے پر جاری ہیں اور قانون پر عمل درآمد کا نظام کمزور ہے۔


Comments