ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبلز کو آئی پی او کی منظوری، 1.92 ارب روپے تک فنڈز کا ہدف
- آئی پی او کے بعد منافع میں 120 فیصد سے زائد اضافے کی توقع
ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبلز لمیٹڈ کو آئی پی او کے لیے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی منظوری مل گئی ہے۔ ہارٹی کلچر مصنوعات برآمد کرنے والی کمپنی ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات پوری کرنے اور اپنی پروسیسنگ و برآمدی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے 1.2 ارب سے 1.92 ارب روپے تک کی رقم حاصل کرنے کا ہدف رکھتی ہے۔
سرگودھا میں قائم کمپنی 30 ملین عام حصص پیش کرے گی، جو آئی پی او کے بعد کمپنی کے ادا شدہ سرمایہ کا 32.01 فیصد ہوں گے۔ حصص کی کم از کم قیمت 40 روپے فی حصص مقرر کی گئی ہے، جبکہ بک بلڈنگ کے عمل کے ذریعے اس قیمت میں 60 فیصد تک اضافہ کیا جاسکتا ہے اور زیادہ سے زیادہ قیمت 64 روپے فی حصص تک پہنچ سکتی ہے۔
کم از کم قیمت 40 روپے فی حصص کی صورت میں آئی پی او سے 1.2 ارب روپے حاصل ہوں گے، جبکہ قیمت کی بالائی حد پر حاصل ہونے والی رقم 1.92 ارب روپے تک پہنچ سکتی ہے۔
مجوزہ ڈھانچے کے تحت 75 فیصد، یعنی 22.5 ملین حصص بک بلڈنگ کے ذریعے پیش کیے جائیں گے، جبکہ باقی 25 فیصد، یعنی 7.5 ملین حصص عام سرمایہ کاروں کے لیے مختص ہوں گے۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز لمیٹڈ اور گروتھ سیکیورٹیز لمیٹڈ اس اجرا کے لیڈ مینیجرز کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبلز، جو اس سے قبل شاہین انٹرپرائزز کے نام سے کام کرتی تھی، 1998 سے کینو، آم اور آلو مشرقِ وسطیٰ، مشرق بعید، جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کی منڈیوں کو برآمد کررہی ہے۔
کمپنی نے کم از کم قیمت پر حاصل ہونے والی رقم میں سے تقریباً 940.2 ملین روپے، یعنی 78 فیصد، ورکنگ کیپیٹل کے لیے مختص کیے ہیں۔ مزید 153.8 ملین روپے کولڈ چین اور پروسیسنگ کی استعداد میں توسیع پر خرچ کیے جائیں گے، جبکہ متحدہ عرب امارات اور ازبکستان میں بین الاقوامی دفاتر قائم کرنے کے لیے 50 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
کمپنی انٹرپرائز ریسورس پلاننگ اور اثاثوں کی ٹریکنگ کے نظام پر بھی 30 ملین روپے، جبکہ شمسی توانائی اور گرڈ سے متعلق بنیادی ڈھانچے پر 26 ملین روپے سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
ایس ای نے مالی سال 2026 میں 2.133 ارب روپے کی خالص آمدنی رپورٹ کی، جو سالانہ بنیاد پر 24 فیصد زیادہ ہے، جبکہ ٹیکسوں کی ادائیگی کے بعد منافع ریکارڈ 303.8 ملین روپے تک پہنچ گیا۔ کمپنی مالی سال 2024 سے قرض سے پاک ہے۔
مالی سال 2022 سے مالی سال 2026 کے دوران کمپنی کی آمدنی اور ٹیکس کے بعد منافع میں بالترتیب تقریباً 28 فیصد اور 31 فیصد کی مرکب سالانہ شرح نمو ریکارڈ کی گئی۔
ایس ای کے پاس اس وقت موسمی بنیادوں پر 36 ہزار ٹن کینو پروسیسنگ کی گنجائش ہے، جبکہ موجودہ اور ممکنہ بین الاقوامی خریداروں کی جانب سے ظاہر کردہ طلب تقریباً 65,130 ٹن ہے۔ تاہم مالی سال 2026 میں کمپنی کی حقیقی کینو برآمدات 5,115 ٹن رہیں، جس کی ایک اہم وجہ کمپنی نے ورکنگ کیپیٹل کی کمی کو قرار دیا ہے۔
کمپنی کا تخمینہ ہے کہ آئی پی او سے حاصل ہونے والی رقم استعمال کیے جانے کے بعد مالی سال 2027 میں آمدنی تقریباً 137 فیصد بڑھ کر 5.05 ارب روپے ہوجائے گی، جبکہ ٹیکس کے بعد منافع میں تقریباً 124 فیصد اضافے کے ساتھ 680 ملین روپے تک پہنچنے کی توقع ہے۔
مالی سال 2027 کے متوقع فی حصص منافع کا تخمینہ 7.25 روپے لگایا گیا ہے۔
آئی پی او کی کم از کم قیمت 40 روپے فی حصص کے حساب سے ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبلز کے حصص گزشتہ 12 ماہ کی آمدنی کے مقابلے میں تقریباً 8.4 گنا قیمت و آمدنی تناسب پر پیش کیے جارہے ہیں، جبکہ لسٹڈ فوڈ سیکٹر کا قیمت و آمدنی تناسب تقریباً 18.75 گنا ہے۔ مالی سال 2027 کی متوقع آمدنی کی بنیاد پر مستقبل کا قیمت و آمدنی تناسب تقریباً 5.5 گنا رہ جاتا ہے۔


Comments