ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید تگڑا
- کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 277.40 روپے پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں پیر کو ڈالر کے مقابلے روپیہ مزید مضبوط ہوگیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 277.40 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ جمعہ کو مقامی کرنسی 277.41 روپے پر بند ہوئی تھی۔
دریں اثنا امریکی ڈالر پیر کو کمزور رہا اگرچہ امریکی شرح سود میں اضافے کی توقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
جاپانی ین کے حوالے سے سرمایہ کاروں کے بدلتے رجحانات، امریکا کے بڑھتے ہوئے قرضوں اور پالیسی سے متعلق غیر یقینی صورتحال نے بھی ڈالر کو دباؤ میں رکھا۔
ابتدائی ایشیائی کاروبار میں کرنسیوں میں زیادہ اتار چڑھاؤ نہیں دیکھا گیا، جبکہ امریکی مارکیٹ تعطیل کے باعث بند رہی۔ جمعہ کو امریکی روزگار کے توقعات سے کہیں بہتر اعداد و شمار کے بعد ڈالر میں آنے والی مختصر تیزی بھی برقرار نہ رہ سکی۔
یورو معمولی اضافے سے 1.1618 ڈالر جبکہ برطانوی پاؤنڈ تقریباً مستحکم رہتے ہوئے 1.3519 ڈالر پر آگیا۔
دیگر بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر انڈیکس 0.07 فیصد کمی سے 99.09 پر آگیا جو حالیہ کم ترین سطح 98.558 کے قریب ہے۔


Comments