میکسیکو میں جرائم پیشہ گروہوں کے بم حملوں میں اضافہ
- تازہ واقعہ اتوار کو وسطی ریاست زکاٹیکاس میں پیش آیا، جہاں مشتبہ کار بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد زخمی ہوگئے
میکسیکو میں حالیہ دنوں کے دوران کار بموں اور دھماکا خیز مواد سے لیس ڈرونز سمیت بم حملوں میں اضافہ ہوا ہے، جس سے ملک میں منشیات فروش گروہوں کی بڑھتی ہوئی پرتشدد کارروائیوں کے خدشات مزید گہرے ہوگئے ہیں۔
تازہ واقعہ اتوار کو وسطی ریاست زکاٹیکاس میں پیش آیا، جہاں مشتبہ کار بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد زخمی ہوگئے، جن میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ دھماکے سے تقریباً 40 عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔
ریاستی گورنر ڈیوڈ مونریال کے مطابق گاڑی کو وسطی زکاٹیکاس کے علاقے اوخوکیلینتے میں پولیس ہیڈکوارٹر کے باہر چھوڑا گیا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور گروہ نے ہفتے کے روز اپنے ایک رکن کی گرفتاری کے ردعمل میں یہ کارروائی کی۔
گورنر نے بتایا کہ حالیہ دھماکا تقریباً ایک درجن ایسے واقعات کے بعد ہوا ہے جن میں بعض حملوں کے لیے دھماکا خیز مواد سے لیس منی ڈرونز اور بارودی سرنگیں بھی استعمال کی گئیں۔ ان واقعات سے جرائم پیشہ گروہوں کی کارروائیوں میں تبدیلی کا اندازہ ہوتا ہے۔
ریاست کے سکیورٹی سربراہ آرتورو مدینا کے مطابق زکاٹیکاس میں ایسے حملوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ 2024 میں ایک، 2025 میں 6 جبکہ رواں سال اب تک 10 واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب میچواکان سمیت تشدد سے متاثرہ دیگر ریاستوں میں بھی جرائم پیشہ گروہوں کی جانب سے سکیورٹی تنصیبات، آبادیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دھماکا خیز مواد سے نشانہ بنانے کے واقعات سامنے آئے ہیں، جن میں فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔


Comments