ٹخنے کی انجری: بھارت کے نیرج چوپڑا رواں سیزن کے باقی مقابلوں سے باہر
- چوپڑا نے جولائی میں گلاسگو میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا
بھارت کے دو مرتبہ اولمپک جیولن تھرو میڈلسٹ نیرج چوپڑا نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ ٹخنے کی انجری کے باعث وہ 2026ء کے ایتھلیٹکس سیزن کے باقی مقابلوں میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا، ”یہ مایوس کن ہے، خاص طور پر اس لیے کہ مجھے محسوس ہورہا تھا کہ میں اپنی بہترین کارکردگی کی لے میں واپس آنے کے قریب ہوں۔ لیکن جیسا کہ کہا جاتا ہے، مشکلات سفر کا حصہ ہوتی ہیں۔“
28 سالہ چوپڑا دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں جیولن تھرو کے سب سے نمایاں کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے جولائی میں گلاسگو میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔
توقع تھی کہ وہ آئندہ ماہ جاپان کے آئیچی-ناگویا میں ہونے والے ایشین گیمز 2026ء میں جیولن تھرو کے اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔
چوپڑا نے سوشل میڈیا پر جاری ایک پوسٹ میں کہا، ”سخت محنت کے ایک عرصے کے بعد بالآخر مجھے محسوس ہونے لگا تھا کہ وہ رفتار حاصل کررہا ہوں جس کی مجھے تلاش تھی۔ لوزان (سوئٹزرلینڈ) میں سیزن کی بہترین تھرو نے اس احساس کو مزید تقویت دی۔“
انہوں نے مزید کہا، ”بدقسمتی سے اس کے کچھ ہی عرصے بعد ٹریننگ کے دوران میرے ٹخنے کا لیگامنٹ پھٹ گیا۔“
انہوں نے کہا، ”اپنے ڈاکٹر اور ٹیم سے مشاورت کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ میں اس سیزن کے باقی مقابلوں سے دستبردار رہوں گا۔“
جیولن تھرو کے اس اسٹار کھلاڑی نے 2021ء میں ٹوکیو اولمپکس میں طلائی اور 2024ء میں پیرس اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔
2021ء میں چوپڑا کی کامیابی بھارت کی جانب سے اولمپکس کے ٹریک اینڈ فیلڈ مقابلوں میں پہلا طلائی تمغہ تھا، جس نے انہیں راتوں رات قومی ہیرو بنا دیا۔


Comments