امریکی فیڈ سربراہ کی تقریر سے قبل سونے کی قیمت میں کمی
- اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.5 فیصد کمی کے بعد 4,576.30 ڈالر فی اونس ہوگئی
عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں جمعہ کو کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ سرمایہ کار امریکی فیڈرل ریزرو کے چیئرمین کیون وارش کی جیکسن ہول سمپوزیم میں ہونے والی اہم تقریر کے منتظر ہیں۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.5 فیصد کمی کے بعد 4,576.30 ڈالر فی اونس ہوگئی۔ رواں ہفتے کے آغاز میں امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے طویل مدتی بانڈز کے لیے معاون اقدامات کے اعلان کے بعد سونے کی قیمت تین ماہ سے زائد عرصے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ امریکی گولڈ فیوچرز بھی 0.8 فیصد کمی کے بعد 4,629 ڈالر فی اونس پر آگئے۔
سٹون ایکس کے سینئر تجزیہ کار میٹ سمپسن کے مطابق کیون وارش کے جانب سے سخت مالیاتی پالیسی کی حمایت میں بیان دینے کے امکانات زیادہ ہیں، جس کے نتیجے میں قلیل مدت میں سونے کی قیمت حالیہ بلند سطح سے مزید نیچے آسکتی ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایسی کسی بھی کمی کو وہ سرمایہ کار خریداری کے موقع کے طور پر دیکھ سکتے ہیں جو سونے کی حالیہ تیزی سے فائدہ نہیں اٹھا سکے اور دوبارہ 5,000 ڈالر فی اونس کی سطح آزمانا چاہتے ہیں۔
جمعرات کو جیکسن ہول میں موجود مرکزی بینک حکام نے امریکی افراط زر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ ایک روز قبل جاری اعدادوشمار کے مطابق فیڈ کا اہم افراط زر پیمانہ، پرسنل کنزمپشن ایکسپینڈیچرز (پی سی ای) پرائس انڈیکس، جولائی تک 12 ماہ میں 3.7 فیصد رہا۔
سی ایم ای فیڈ واچ کے مطابق مارکیٹ میں ستمبر میں امریکی شرح سود میں اضافے کا امکان 33.9 فیصد جبکہ دسمبر تک اضافے کا امکان 74 فیصد ہے۔
ماہرین کے مطابق بلند شرح سود کے ماحول میں سونا نسبتاً کم پرکشش ہوجاتا ہے کیونکہ اس سے کوئی منافع حاصل نہیں ہوتا۔ تاہم ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز، فیوچرز میں بڑھتی دلچسپی، امریکی مالیاتی ساکھ سے متعلق خدشات اور مرکزی بینکوں کی مسلسل خریداری سونے کو سہارا دے رہی ہے۔
دریں اثنا، اسپاٹ سلور 1 فیصد کمی سے 68.54 ڈالر، پیلیڈیم 0.8 فیصد کمی سے 1,339.84 ڈالر جبکہ پلاٹینم 0.6 فیصد کمی کے بعد 1,834.83 ڈالر فی اونس رہا۔


Comments