کوکو گوف نے پیگولا کو شکست دے کر سنسناٹی میں یو ایس اوپن سے قبل وارم اپ ٹورنامنٹ جیت لیا
- عالمی نمبر چار کھلاڑی نے گزشتہ اکتوبر وُوہان کے بعد اپنا پہلا ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیتا
کوکو گوف نے یو ایس اوپن سے قبل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیسیکا پیگولا کو 2-6، 4-6 سے شکست دے کر ڈبلیو ٹی اے 1000 سنسناٹی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا۔
عالمی نمبر چار گوف نے 2026 کا اپنا پہلا اور گزشتہ اکتوبر ووہان کے بعد پہلا ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل حاصل کیا۔ رواں سال وہ میامی اور روم کے فائنلز میں شکست سے دوچار ہوئی تھیں۔
تیسری نمبر کی پیگولا کے خلاف کامیابی گوف کا سنسناٹی میں دوسرا ٹائٹل ہے۔ انہوں نے 2023 میں یہاں پہلی مرتبہ کامیابی حاصل کی تھی، جس کے بعد اسی سال یو ایس اوپن جیت کر اپنے دو گرینڈ سلام ٹائٹلز میں پہلا اپنے نام کیا۔
گوف نے کہا کہ سنسناٹی کی فتح کو یو ایس اوپن میں کامیابی کی ضمانت نہیں سمجھنا چاہیے، تاہم اس سے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نیویارک میں اپنی اس کارکردگی کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گی۔
کوکو گوف نے 75 منٹ میں فتح حاصل کی۔ ان کی مضبوط سروس اور جارحانہ کھیل کا پیگولا کے پاس کوئی مؤثر جواب نہیں تھا۔ گوف نے دونوں سیٹس میں ابتدائی برتری حاصل کی اور پہلے میچ پوائنٹ پر فتح اپنے نام کرلی۔


Comments