ایورگرینڈ کے بانی کو عمر قید، چین کا پراپرٹی بحران بدستور جاری
- ہوئی کا یان کی سزا سے متعلق ہیش ٹیگ پر ویبو پر 370 ملین سے زائد ویوز اور 72 ہزار مباحث ہوئے
چین کی پراپرٹی مارکیٹ کے عروج و زوال کی علامت بننے والے ایک وقت کے ارب پتی ہوئی کا یان کو گزشتہ ہفتے چینی عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی، تاہم پراپرٹی سیکٹر کا بحران چھٹے سال میں داخل ہونے کے باوجود ختم نہیں ہوسکا اور دنیا کی دوسری بڑی معیشت پر مسلسل دباؤ برقرار ہے۔
چین ایورگرینڈ کے بانی ہوئی کا یان کو فنڈز کے غلط استعمال اور رشوت ستانی سمیت مختلف جرائم میں سزا سنائی گئی۔ چینی سوشل میڈیا پر متعدد ناراض گھر مالکان اور قرض خواہوں نے سوال اٹھایا کہ ایشیا کے سابق امیر ترین شخص کو سزائے موت کیوں نہیں دی گئی۔ ہوئی کا یان کی سزا سے متعلق ہیش ٹیگ پر ویبو پر 370 ملین سے زائد ویوز اور 72 ہزار مباحث ہوئے۔
چین کے پراپرٹی بحران کے باعث ملک بھر میں لاکھوں زیر تعمیر مکانات نامکمل پڑے ہیں، جبکہ بیجنگ اور شنگھائی جیسے بڑے شہروں میں نئے گھروں کی قیمتوں میں بحالی رک گئی ہے۔ زمینوں کی فروخت مسلسل کم ہورہی ہے اور پراپرٹی سیلز و تعمیرات میں کمی تیز ہوگئی ہے۔
چھوٹے اور اندرونی شہروں میں سیکنڈ ہینڈ گھروں کی قیمتیں 2020 کی سطح سے تقریباً ایک چوتھائی کم ہوچکی ہیں، جس سے صارفین کے اخراجات بھی متاثر ہوئے ہیں۔
جون تک 3 ماہ میں چین کی معیشت سالانہ بنیاد پر 4.3 فیصد بڑھی، جو 3 سال سے زائد عرصے کی کم ترین شرح نمو ہے۔ مقامی طلب کمزور ہونے کے باعث چین کی معیشت میں ایکسپورٹس کا کردار بڑھ رہا ہے۔ 2019 کے بعد چین کا تجارتی سرپلس دگنے سے زیادہ ہوچکا ہے، جس سے امریکا اور یورپی یونین کے ساتھ تجارتی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
چین ایورگرینڈ نے 2021 میں ڈیفالٹ کیا اور 2024 میں لیکویڈیشن کا عمل شروع ہوا۔ کنٹری گارڈن بھی 2023 میں ڈیفالٹ کرگئی، جبکہ چائنا وینکے نے بعض بانڈ ادائیگیوں میں توسیع کی کوشش کی ہے۔
صدر شی جن پنگ نے بینک قرضوں اور ریاستی معاونت کو پراپرٹی سے روبوٹکس اور سیمی کنڈکٹرز جیسے ٹیک شعبوں کی جانب منتقل کیا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق یہ شعبے ابھی اتنے بڑے نہیں کہ پراپرٹی بحران کے اثرات ختم کرسکیں۔
بعض ماہرین کے مطابق بحران کا بدترین مرحلہ گزر چکا ہے، تاہم پراپرٹی قیمتوں میں مزید طویل اور بتدریج کمی کا امکان برقرار ہے۔


Comments