خاران : سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 7 دہشت گرد ہلاک
- مارے گئے دہشت گرد کئی سنگین وارداتوں اور خودکش دھماکوں میں ملوث نکلے، سیکیورٹی ذرائع
آج نیوز نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خاران کے علاقے لاجے میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج کے سات دہشت گردوں کو ہلاک اور کئی دیگر کو زخمی کر دیا۔
ذرائع کے مطابق یہ آپریشن علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی انٹیلی جنس اطلاعات ملنے پر شروع کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سات دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد خاران اور لاجے میں خودکش حملوں سمیت مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ وہ بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث بتائے جاتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے جنگی سامان، دو گاڑیاں اور ایک موٹر سائیکل بھی تحویل میں لے لی۔
ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ یہ کارروائی ’آپریشن رد الفتنہ-3‘ کے حصے کے طور پر کی گئی، جس کے تحت فورسز بلوچستان بھر میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خاران میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
ایک روز قبل بھی سیکیورٹی فورسز نے ضلع خضدار کے پہاڑی علاقے شور پارود میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے تھے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ یہ آپریشن علاقے میں فتنة ہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کی موجودگی کی تصدیق شدہ اطلاعات کی بنیاد پر شروع کیا گیا تھا۔


Comments