کراچی چیمبر کا مکہ معاہدے کا خیرمقدم
- اتحاد، معاشی نظم و ضبط اور سرکاری و نجی شعبے کے مضبوط اشتراک کے ذریعے پاکستان خوشحال، مسابقتی اور مضبوط معیشت بن کر ابھر سکتا ، زبیر موتی والا، ریحان حنیف
بزنس مین گروپ کے چیئرمین زبیر موتی والا اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد ریحان حنیف نے پاکستان اور اس کی معاشی صلاحیت پر تاجربرادری کے غیر متزلزل اعتماد کا اعادہ کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ اتحاد، معاشی نظم و ضبط، ساختی اصلاحات اور سرکاری و نجی شعبے کے مضبوط اشتراک کے ذریعے پاکستان ایک زیادہ خوشحال، مسابقتی اور مضبوط معیشت بن کر ابھر سکتا ہے۔
ایک مشترکہ بیان میں کے سی سی آئی کی قیادت نے کہا کہ یومِ آزادی محض 14 اگست 1947ء کے تاریخی حصولِ آزادی کی یاد منانے کا موقع نہیں بلکہ اس عزم کی تجدید کا بھی دن ہے کہ پاکستان کو ایک مضبوط، خود انحصار، سماجی طور پر محفوظ اور اپنے عوام کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے والا ملک بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کبھی صلاحیتوں اور وسائل سے محروم نہیں رہا۔ ہمیں صرف اجتماعی عزم، پالیسیوں میں تسلسل اور ایسا سازگار کاروباری ماحول درکار ہے جو ان صلاحیتوں کو پائیدار معاشی ترقی، روزگار اور خوشحالی میں تبدیل کرسکے۔
کے سی سی آئی قیادت نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کا بھی خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک اہم اور تاریخی پیش رفت قرار دیا جو پاکستان کی بڑھتی ہوئی اسٹریٹجک اہمیت اور علاقائی امن، استحکام اور اجتماعی سلامتی کے فروغ میں پاکستان کے قابلِ اعتماد کردار کی عکاسی کرتی ہے۔
قیادت نے کہا کہ یہ پیش رفت پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے عالمی تشخص کے متعدد مثبت اشاریوں کے پس منظر میں سامنے آئی ہےجن میں 2026ء کے ہینلے پاسپورٹ انڈیکس میں پاکستان کی درجہ بندی 2025ء کے 103ویں نمبر سے بہتر ہو کر 101ویں نمبر پر آنا بھی شامل ہے۔
انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بحالی اور استحکام کے حوصلہ افزا آثار نمایاں ہوئے ہیں۔ تازہ ترین سرکاری قومی حسابات کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران ملک کی مجموعی قومی پیداوار میں 3.7 فیصد اضافہ ہوا۔
کے سی سی آئی قیادت نے کہا کہ بہتر ہوتی ہوئی مجموعی معاشی صورتحال کے ساتھ یہ پیش رفت ایک ایسی مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے جس پر مزید پائیدار اور مستحکم معاشی ترقی کی عمارت استوار کی جاسکتی ہے۔
کے سی سی آئی قیادت نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی گراں قدر خدمات اور ملکی معیشت میں ان کے اہم کردار کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ سال2025 کے دوران ترسیلاتِ زر 40.2 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں جو میں 34.7ارب امریکی ڈالر تھیں۔ اسی طرح مالی سال2025-26 کے جولائی تا مئی کے دوران ہی ترسیلاتِ زر 38.1 ارب امریکی ڈالر ریکارڈ کی گئیں، جو بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے اپنے وطن پر مسلسل اعتماد اور پاکستان سے ان کی وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔
زبیر موتی والا اور محمد ریحان حنیف نے کہا کہ پاکستان کا معاشی سفر بہتر ہوتی ہوئی مجموعی معاشی صورتحال سے بھی مستفید ہو رہا ہے۔ آئی ایم ایف نے بھی اس امر کا اعتراف کیا ہے کہ پالیسیوں پر مسلسل عملدرآمد سے معاشی بحالی، اعتماد میں اضافے اور معیشت کی مضبوطی میں مدد ملی ہے جبکہ زرمبادلہ ذخائر میں بہتری بھی سابقہ اندازوں سے زیادہ رہی ہے۔
انہوں نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں حالیہ بہتری کا بھی خیرمقدم کیا جسکے تحت ایس اینڈ پی گلوبل نے پاکستان کی طویل مدتی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ بی مائنس سے بڑھا کربی کردی ہے۔ اس بہتری کی وجوہات میں اصلاحات پر پیشرفت، ادارہ جاتی استحکام اور مالیاتی استحکام کی جانب اقدامات شامل ہیں۔
انہوں نے اس پیش رفت کو پاکستان کی جانب سے عالمی سرمایہ مارکیٹوں تک بہتر رسائی حاصل کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک حوصلہ افزا پیش رفت قرار دیا۔


Comments