حج 2027ء کے سرکاری پیکیجز 12 اور 13 لاکھ روپے مقرر
- حج 2027ء کا پورا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے، وفاقی وزیر مذہبی امور
پاکستان نے حج 2027ء کی سرکاری اسکیم کے لیے 107,526 نشستیں مختص کی ہیں جب کہ 40 روزہ حج پیکیج کی لاگت 12 لاکھ روپے اور 20 سے 25 روزہ پیکیج کی قیمت 13 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات اور وزارتِ اطلاعات و ٹیکنالوجی اور نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے حج 2027ء کا پورا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پالیسی کے تحت عازمین گھر بیٹھے اپنی درخواست کا عمل مکمل کرنے، حج واجبات ادا کرنے اور دیگر مراحل سے متعلق سہولیات حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزارتِ مذہبی امور کی اولین ترجیح عازمینِ حج کو طویل قطاروں، غیر ضروری سفری اخراجات اور انتظار کی زحمت سے نجات دلانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے عازمین کو جدید اور آسان ڈیجیٹل سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ منظور شدہ حج پالیسی کے تحت پہلی قسط کی وصولی 17 اگست سے شروع ہوگی جبکہ منتخب کردہ حج پیکیج کی مجموعی رقم کا 50 فیصد جمع کرانا لازمی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دوسری قسط اکتوبر کے پہلے ہفتے میں طلب کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ حج 2027 کی حتمی درخواستوں کے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے اور پری رجسٹریشن مکمل کرنے والے قریباً چار لاکھ رجسٹرڈ عازمین اب اپنی حج درخواستوں کے عمل کو آگے بڑھا سکیں گے۔
سردار محمد یوسف نے بتایا کہ حج رجسٹریشن کے ڈیجیٹل نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پاسپورٹ آفس کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ کا نظام بھی قائم کیا گیا ہے جس سے عازمین کے پاسپورٹ سے متعلق معلومات کی تصدیق اور درخواستوں کی پروسیسنگ میں مزید بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ مختلف سرکاری اداروں کے ڈیٹا کو مربوط کرنے سے نہ صرف انسانی مداخلت اور کاغذی کارروائی کم ہوگی بلکہ حج درخواستوں کے عمل کو مزید تیز، درست اور شفاف بھی بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حبیب بینک لمیٹڈ کو وزارتِ مذہبی امور کا مجاز بینکنگ پارٹنر مقرر کیا گیا ہے جو حج درخواستوں اور واجبات کی ادائیگی کے عمل میں وزارت کے ساتھ معاونت کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وزارتِ مذہبی امور اور حبیب بینک لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت حج واجبات کی ادائیگی کے لیے عازمین کو تین آسان ڈیجیٹل ذرائع فراہم کیے گئے ہیں۔
عازمین ون لنک پی ایس آئی ڈی کے ذریعے، کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے یا پاک حج ایپ سے ڈیجیٹل چالان فارم ڈاؤن لوڈ کرکے حبیب بینک کی کسی بھی برانچ سے ادائیگی کر سکیں گے۔
وفاقی وزیر کے مطابق سرکاری حج اسکیم میں پہلے آئیں، پہلے پائیں کی بنیاد پر آن لائن نظام کے ذریعے رقم جمع کرانے والے درخواست گزاروں کی نشستیں کنفرم ہوتی جائیں گی اور نشستیں مکمل ہونے پر مزید ادائیگی روک دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ شارٹ حج اسکیم کے لیے 30 ہزار نشستیں مختص ہیں اور یہ تعداد مکمل ہوتے ہی اس اسکیم کے لیے آن لائن ادائیگی کا عمل روک دیا جائے گا۔
وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ حج 2027 کی نشستیں مکمل ہونے کی صورت میں باقی رجسٹرڈ عازمین کو آئندہ سال کی ویٹنگ لسٹ میں رکھا جائے گا جبکہ حج 2028 سے 2030 کے لیے رجسٹریشن کا عمل بدستور جاری رہے گا۔
سردار یوسف کا کہنا تھا کہ لانگ ٹرم حج اسکیم کے لیے 10 فیصد ادائیگی کے بارے میں اعلان موجودہ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ حج 2027 کے لیے پرائیویٹ حج سکیم کے تحت 71 ہزار 684 نشستیں مختص ہیں۔
پرائیویٹ عازمین حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے حکومت سے منظور شدہ 25 مجاز حج آرگنائزرز کے پیکجز دیکھ کر اپنی پسند کا پیکج اور منظم کمپنی منتخب کر سکیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نجی حج اسکیم کے تحت بھی تمام انتخاب اور ادائیگی مقررہ سرکاری ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ہی ہوگی اور اس نظام سے باہر کسی بھی قسم کی مالی لین دین یا براہ راست ادائیگی قابل قبول نہیں ہوگی۔
عازمین حج کسی بھی نجی ٹُور آپریٹر یا کمپنی کو براہ راست رقم جمع نہ کرائیں۔ عازمین صرف وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور پاک حج ایپ، حج پورٹل اور وزارت کے سرکاری ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات پر ہی اعتماد کریں۔


Comments