تصدیق 15 کروڑ حصص کے آئی پی او کے ذریعے پی ایس ایکس سے 45 کروڑ روپے اکٹھا کرے گی
- ڈچ بڈنگ کے دوران حصص کی قیمت 58 فیصد اضافے سے ایک روپے 90 پیسے سے بڑھ کر 3 روپے فی حصص مقرر
تصدیق انفارمیشن سروسز لمیٹڈ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں 15 کروڑ حصص فروخت کرکے 45 کروڑ روپے اکٹھا کرنے جا رہی ہے۔ کمپنی نے دو روزہ ڈچ بڈنگ کے اختتام پر فی حصص قیمت 3 روپے مقرر کی، جس کا اختتام جمعرات کو ہوا۔
شیئرز کے اجرا کے مشیر ٹوپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق کمپنی نے بدھ کو فی حصص ایک روپے 90 پیسے کی کم از کم (فلور) قیمت پر بولی کا آغاز کیا تھا، جو بڈنگ کے دوران 58 فیصد اضافے کے بعد 3 روپے فی حصص تک پہنچ گئی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے لائسنس یافتہ کریڈٹ انفارمیشن اور اینالیٹکس ادارے تصدیق نے بک بلڈنگ (ڈچ بڈنگ) کے عمل میں مجموعی 15 کروڑ حصص میں سے 75 فیصد یا 11 کروڑ 25 لاکھ حصص اعلیٰ مالیت کے سرمایہ کاروں، ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور کارپوریٹ اداروں کو فروخت کیے، جس سے 33 کروڑ 75 لاکھ روپے حاصل ہوئے۔
کمپنی باقی 25 فیصد یا 3 کروڑ 75 لاکھ حصص 11 اور 12 اگست 2026 کو ریٹیل سرمایہ کاروں کو 3 روپے فی حصص کے اسٹرائیک پرائس پر فروخت کرے گی، جس سے مزید 11 کروڑ 25 لاکھ روپے حاصل ہوں گے۔ اس طرح ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کے ذریعے کمپنی مجموعی طور پر 45 کروڑ روپے اکٹھا کرے گی۔
کمپنی کے پراسپیکٹس کے مطابق آئی پی او سے حاصل ہونے والی رقم کو مصنوعات کی ترقی کے منصوبے، ٹیکنالوجی انفرااسٹرکچر اور معلوماتی تحفظ (انفارمیشن سیکیورٹی) کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ صارفین تک رسائی کے لیے مارکیٹنگ سرگرمیوں پر خرچ کیا جائے گا۔
شیئرز کے اجرا کے مشیر نے بتایا کہ بدھ کو بک بلڈنگ شروع ہونے کے محض دو سیکنڈ کے اندر آئی پی او مکمل طور پر سبسکرائب ہو گیا، جو ایک ریکارڈ ہے۔
ٹوپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق تصدیق پاکستان کا اسٹیٹ بینک سے لائسنس یافتہ پہلا نجی کریڈٹ بیورو ہے، ملک میں ایسے صرف دو ادارے موجود ہیں، جبکہ جنوبی ایشیا میں اسٹاک ایکسچینج میں فہرست ہونے والا یہ پہلا کریڈٹ بیورو بھی ہوگا۔
بروکریج ہاؤس نے مزید بتایا کہ بک بلڈنگ کا عمل 21.53 گنا زائد سبسکرائب ہوا، جو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں دوسرا سب سے زیادہ اوور سبسکرائب ہونے والا بک بلڈنگ مرحلہ ہے۔


Comments