اوڈورائزیشن پلانٹ کی ٹیسٹنگ کے باعث کراچی کے بعض علاقوں میں گیس کی تیز بو محسوس ہوئی، ایس ایس جی سی
- سوئی سدرن نے واضح کیا کہ گیس کے تمام نظام کا دباؤ معمول کے مطابق ہے اور کسی بھی مقام پر گیس لیکیج کی اطلاع نہیں ملی۔
سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے اتوار کو وضاحت کی ہے کہ ابو الحسن اصفہانی روڈ کے اطراف بعض علاقوں میں گیس کی غیر معمولی تیز بو کی وجہ نئی گیس پائپ لائن کی کمیشننگ کے دوران اوڈورائزیشن پلانٹس کی جانچ تھی۔
کمپنی کے مطابق ٹیسٹنگ کے عمل میں عارضی طور پر اوڈورینٹ نامی مادے کی مقدار معمول سے زیادہ شامل کی گئی، جو قدرتی گیس میں اس لیے ملایا جاتا ہے تاکہ اس کی مخصوص بو محسوس کی جا سکے۔ اس کے نتیجے میں بعض علاقوں میں معمول سے زیادہ تیز بو محسوس ہوئی۔
سوئی سدرن نے واضح کیا کہ گیس کے تمام نظام کا دباؤ معمول کے مطابق ہے اور کسی بھی مقام پر گیس لیکیج کی اطلاع نہیں ملی۔
کمپنی نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ گھبرائیں نہیں، کیونکہ گیس کی بو صرف ٹیسٹنگ کے دوران اوڈورینٹ کی عارضی طور پر بڑھی ہوئی مقدار کے باعث محسوس ہوئی۔ کمپنی نے صارفین کو معمول کی سرگرمیاں جاری رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔


Comments