چین کے صوبہ گانسو میں لینڈ سلائیڈنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 25 ہوگئی
- ابتدائی اطلاعات کے مطابق 26 جولائی کو گانسو کے شہر ڈنگشی کے وی یوان کاؤنٹی میں موسلادھار بارشوں کے باعث 10 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
چین کے شمال مغربی صوبے گانسو میں گزشتہ ہفتے آنے والے اچانک سیلاب کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 25 ہوگئی، جبکہ 23 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق 26 جولائی کو گانسو کے شہر ڈنگشی کے وی یوان کاؤنٹی میں موسلادھار بارشوں کے باعث 10 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
شِنہوا کے مطابق، چین کے قومی کمیشن برائے آفات کی روک تھام، تخفیف اور امداد نے گانسو کی صوبائی حکومت کو واقعے کی تحقیقات اور نقصانات کا تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔
گانسو کی حکام نے خبردار کیا ہے کہ سالانہ سیلابی موسم کے دوران جاری بارشوں کے باعث، خصوصاً ڈنگشی سمیت مختلف علاقوں میں مزید لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔
دریں اثنا، بیجنگ اور اندرونی منگولیا میں بھی اتوار کو خراب موسم کے پیشِ نظر الرٹس جاری کیے گئے۔
ادھر صوبہ سیچوان کے وسیع علاقوں میں بھی شدید، اور بعض مقامات پر موسلادھار، بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق 64,609 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ سالانہ سیلابی موسم کے آغاز سے اب تک 881,000 سے زائد رہائشیوں کو نقل مکانی کرائی گئی ہے۔


Comments