ایف بی آر، جولائی میں ہدف سے 36 ارب روپے زائد ٹیکس وصول
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جولائی 2026 کے دوران 816 ارب روپے ٹیکس جمع کیا جبکہ مقررہ ہدف 780 ارب روپے تھا۔ اس طرح ایف بی آر نے ہدف سے 36 ارب روپے زیادہ ٹیکس وصول کیا جو ایک نمایاں اضافہ ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق ایف بی آر نے جولائی 2026 کے دوران 816 ارب روپے ٹیکس جمع کیا جبکہ جولائی 2025 میں 754 ارب روپے جمع کیے گئے تھے۔ اس طرح ٹیکس وصولی میں 62 ارب روپے کا غیر معمولی اضافہ ہوا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ حتمی اعداد و شمار مرتب ہونے کے بعد رواں مالی سال کے پہلے ماہ میں ٹیکس وصولی تقریباً 820 ارب روپے تک پہنچ جائے گی۔
ایف بی آر کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہے کہ ایف بی آر نے جولائی کا ماہانہ ٹیکس وصولی کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا ہے۔ یہ کامیابی ایف بی آر کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال اور ایف بی آر کے ممبر اِن لینڈ ریونیو (آپریشنز) زبیر بلال کی جانب سے مؤثر منصوبہ بندی، ٹیکس قوانین کے نفاذ کے اقدامات اور اختیار کی گئی حکمتِ عملی کے نتیجے میں حاصل ہوئی۔


Comments