ٹرمپ کا مذاکرات ناکام ہونے پر ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی تیاری کا عندیہ
- زیادہ وقت نہیں بچا، یا تو معاملہ جلد طے ہو جائے گا، ورنہ بالکل نہیں ہوگا، امریکی صدر
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز کہا ہے کہ واشنگٹن اور ایران کے درمیان انتہائی سنجیدہ سطح پر مذاکرات جاری ہیں، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر سفارتی کوششیں ناکام ہوئیں تو وہ ”سخت فوجی کارروائی“ کے لیے بھی تیار ہیں۔
ایکسِیوس سے گفتگو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ مذاکرات کے لیے کتنا وقت دینے کو تیار ہیں تو ٹرمپ نے کہا، ”زیادہ وقت نہیں۔ یا تو معاملہ جلد طے ہو جائے گا، ورنہ بالکل نہیں ہوگا۔“
دوسری جانب ایران کی وزارتِ خارجہ نے پیر کو کہا کہ حالیہ کشیدگی میں کمی آنے کے باوجود اس وقت امریکہ کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا، ”ثالث موجودہ علاقائی صورتحال کے حوالے سے امریکی فریق کے پیغامات ہم تک پہنچا سکتے ہیں، لیکن اس وقت ہم امریکہ کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات میں شامل نہیں ہیں۔“


Comments