ایکسپو فیصل آباد ایم ایس ایم ایز کے لیے زبردست پلیٹ فارم ہے، ہارون اختر
- یہ شعبہ وزیراعظم شہباز شریف کے پائیدار معاشی ترقی اور برآمدات بڑھانے کے ویژن کا مرکز ہے
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ایز) کے لیے مستحکم ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقدہ ایکسپو فیصل آباد 2026 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ شعبہ وزیراعظم شہباز شریف کے پائیدار معاشی ترقی اور برآمدات بڑھانے کے ویژن کا مرکز ہے۔ فیصل آباد پاکستان کا صنعتی اور ٹیکسٹائل کا مرکز ہے اور ایسی نمائشیں کاروباری شخصیات کو نئی منڈیوں تک رسائی کا موقع فراہم کرتی ہیں۔
ایس ایم ای ڈی اے (سمیڈا ) کی سی ای او نادیہ جہانگیر سیٹھ نے کہا کہ اتھارٹی کاروباری افراد کو سپورٹ کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ایکسپو میں قائم ایس ایم ای ڈی اے کے ہیڈ ڈیسک کے ذریعے غیر رسمی اداروں کی مفت رجسٹریشن کی جا رہی ہے، تاکہ وہ حکومتی سہولیات اور فنانسنگ سے فائدہ اٹھا سکیں۔


Comments