فیڈ پالیسی اور مشرق وسطیٰ کشیدگی، سونا دو ہفتوں کی بلند ترین سطح پر
- اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.9 فیصد اضافے کے ساتھ 4,113.73 ڈالر فی اونس ہوگئی
مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، تکنیکی خریداری اور آئندہ ہفتے امریکی فیڈرل ریزرو کے اجلاس سے قبل سرمایہ کاروں کے محتاط رویے کے باعث بدھ کو عالمی منڈی میں سونے کی قیمت تقریباً دو ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.9 فیصد اضافے کے ساتھ 4,113.73 ڈالر فی اونس ہوگئی، جو 10 جولائی کے بعد بلند ترین سطح ہے۔ اسی طرح اگست میں فراہمی کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز 1.1 فیصد بڑھ کر 4,119.10 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جنگ کے پھیلنے اور توانائی کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات نے محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونے کی طلب میں اضافہ کیا ہے۔ منگل کو یمن کے ایران نواز حوثیوں کی دھمکیوں کے بعد سعودی خام تیل ایشیا لے جانے والے دو آئل ٹینکر بحیرہ احمر میں اپنا راستہ تبدیل کرنے پر مجبور ہوئے، جس سے عالمی جہاز رانی اور توانائی کی ترسیل کے حوالے سے خدشات مزید بڑھ گئے۔
دوسری جانب سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔ ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے پاکستان کا دورہ کیا اور اسلام آباد سے خطے میں کشیدگی کم کرانے کے لیے ثالثی کی کوششیں جاری رکھنے کی درخواست کی۔
ادھر خام تیل کی قیمتیں بھی ایک فیصد سے زائد اضافے کے بعد تقریباً چھ ہفتوں کی بلند ترین سطح کے قریب ٹریڈ کرتی رہیں۔
مارکیٹ کی توجہ اب آئندہ ہفتے ہونے والے امریکی فیڈرل ریزرو کے اجلاس پر مرکوز ہے۔ رائٹرز کے سروے کے مطابق ماہرین اقتصادیات کی اکثریت کا خیال ہے کہ فیڈ 2026 کے باقی حصے میں اپنی بنیادی شرح سود کو موجودہ سطح پر برقرار رکھے گا تاکہ مہنگائی پر قابو پایا جا سکے۔
دیگر قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ اسپاٹ چاندی 1.8 فیصد بڑھ کر 59.82 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 1.6 فیصد اضافے سے 1,655.61 ڈالر اور پیلیڈیم بھی 1.6 فیصد اضافے کے ساتھ 1,302.25 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا۔


Comments