حکومت گلگت بلتستان کی حکومت کے ساتھ ملکر کام کرنے کیلئے پرعزم
- حکومت گلگت بلتستان کی فلاح و بہبود کیلئے قابل تجدید توانائی، انفرااسٹرکچر، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اقدامات کررہی ہے، شہباز شریف
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے منگل کو اسلام آباد میں گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیرِ اعلیٰ امجد حسین نے ملاقات کی جس میں مجموعی علاقائی امور اور جاری ترقیاتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیرِاعظم نے وزیراعلیٰ امجد حسین کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور خطے کے عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے گلگت بلتستان کی نومنتخب انتظامیہ کے ساتھ قریبی تعاون کرنے کے وفاقی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی فلاح و بہبود کیلئے قابل تجدید توانائی، سیاحت، انفرااسٹرکچر، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 100 میگاواٹ کے سولر پاور پروجیکٹ کو ترجیح دے رہی ہے۔ عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے گلگت میں دانش اسکولز اور پاکستان آسان خدمت مرکز قائم کیے جارہے ہیں۔
ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ بھی شریک تھے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امجد حسین نے 6 جولائی کو گلگت بلتستان کے وزیرِ اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھایا، اس تقریب میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی۔


Comments