حکومت نے 18 سے 20 جولائی کے لیے ڈیزل 31.05 اور پٹرول 5.44 روپے فی لیٹر مہنگا کر دیا
- نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا
وفاقی حکومت نے جمعہ کو تین روزہ مدت کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 31.05 روپے فی لیٹر اور پٹرول کی قیمت میں 5.44 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا۔
وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نظرثانی شدہ ایکس ڈپو قیمتیں 18 جولائی سے 20 جولائی 2026 تک نافذ العمل رہیں گی۔

نظرثانی شدہ قیمتوں کے تحت ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 31.05 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 323.30 روپے سے بڑھ کر 354.35 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اسی طرح موٹر اسپرٹ (پٹرول) کی قیمت میں 5.44 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 310.71 روپے سے بڑھ کر 316.15 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نظرثانی شدہ ایکس ڈپو قیمتیں 18 جولائی سے 20 جولائی تک تین روز کے لیے نافذ العمل رہیں گی۔
یہ تازہ اضافہ ایک ہفتے قبل کیے گئے اس فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے تحت حکومت نے 11 سے 17 جولائی کی مدت کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 13 روپے سے زائد فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ اس وقت مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا تھا۔
پاکستان میں اس سے قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ ہفتہ وار لیا جاتا تھا، تاہم وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے جمعہ کو اعلان کیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے کے پیشِ نظر اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر روزانہ کی بنیاد پر نظرثانی کی جائے گی۔


Comments