بھارت کو دھچکا، ویرات کوہلی انجری کے باعث افغانستان سیریز سے باہر
- ویرات کوہلی کی جگہ یشسوی جیسوال کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا
چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے ہفتے کے روز بتایا ہے کہ بھارت کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی انجری کے باعث افغانستان کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
37 سالہ کوہلی، جن کی قیادت میں رائل چیلنجرز بنگلور نے اتوار کو مسلسل دوسری مرتبہ آئی پی ایل کا ٹائٹل اپنے نام کیا، 13 جون سے دھرم شالہ میں شروع ہونے والی تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
یشسوی جیسوال کو کوہلی کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
ٹیسٹ اور ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد کوہلی اب بھارت کے لیے صرف 50 اوورز کے فارمیٹ میں کھیلتے ہیں۔
انہوں نے حالیہ آئی پی ایل میں شاندار فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے 56.25 کی اوسط سے 675 رنز بنائے، جن میں گجرات ٹائٹنز کے خلاف فائنل میں ناقابلِ شکست 75 رنز کی اننگز بھی شامل تھی۔
ممبئی میں میڈیا بریفنگ کے دوران اجیت اگرکر نے کہا کہ ”کوہلی کو آئی پی ایل فائنل میں انجری لگے ابھی ایک ہفتہ بھی نہیں ہوا۔“
انہوں نے مزید کہا کہ ”ابھی ان کی مکمل صحت یابی کے وقت کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، تاہم امکان ہے کہ وہ آئندہ ماہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز تک فٹ ہو جائیں گے۔“
دوسری جانب سیریز کے لیے تجربہ کار بلے باز روہت شرما کی دستیابی بھی تاحال غیر یقینی ہے۔ انہیں فٹنس سے مشروط طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
کوہلی اور روہت دونوں سے توقع کی جا رہی تھی کہ وہ 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاریوں کا دوبارہ آغاز کریں گے، جبکہ ان کے مستقبل کے منصوبوں پر بحث بھی جاری ہے۔


Comments