امریکہ ایران معاہدے کی خبریں، عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں بڑھ گئیں
- اسپاٹ گولڈ 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 4,499.56 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا
سونے کی قیمتوں میں جمعہ کو معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کو سونے کی قیمتوں میں معمولی اضافہ دیکھا گیا کیونکہ سرمایہ کار امریکا، ایران جنگ بندی معاہدے کی خبروں کا جائزہ لینے کے ساتھ بڑھتی مہنگائی اور امریکی شرحِ سود میں اضافے سے متعلق خدشات پر بھی غور کررہے ہیں۔
اسپاٹ گولڈ 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 4,499.56 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا تاہم رواں ہفتے اب تک اس میں تقریباً 0.2 فیصد کی کمی دیکھی گئی ہے۔ دوسری جانب امریکی گولڈ فیوچرز 0.1 فیصد کی معمولی گراوٹ کے ساتھ 4,529.80 ڈالر پر آگئے۔
جمعرات کو سونے کی قیمتیں دو ماہ کی کم ترین سطح تک گر گئیں، تاہم امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں توسیع کی خبروں کے بعد مارکیٹ بند ہونے تک قیمتوں میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔
گزشتہ روز دیکھا گیا تھا کہ سونے کی قیمت 4,360 ڈالر تک گرگئی تھی اور امکان تھا کہ اس میں مزید کمی ہوگی لیکن جیسے ہی جنگ بندی کے اعلان کی خبر آئی تو قیمتوں میں اچانک پلٹاؤ دیکھنے میں آیا۔
گولڈ سلور سینٹرل کے منیجنگ ڈائریکٹر برائن لین کا کہنا ہے کہ آج صبح بھی مارکیٹ اسی نہج پر برقرار ہے اور اب مارکیٹیں اس معاہدے پر دستخط ہونے کا انتظار کررہی ہیں، خواہ یہ صرف (امریکی صدر) ٹرمپ کے دستخط کی وجہ سے ہی کیوں نہ رکا ہوا ہو۔
ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ جمعرات کو امریکہ اور ایران کے مابین جنگ بندی میں توسیع اور آبنائے ہرمز سے شپنگ پر عائد پابندیاں ہٹانے کا معاہدہ طے پا گیا ہے تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ابھی تک اس کی منظوری نہیں دی جبکہ ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ اسے ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی۔
اپریل کے دوران امریکہ میں مہنگائی میں گزشتہ تین سالوں کے دوران تیز ترین رفتار سے اضافہ دیکھا گیا جس کی بڑی وجہ ایران جنگ کے باعث توانائی کی بڑھتی قیمتیں ہیں۔ اس صورتحال نے ماہرینِ معیشت کے اس خیال کو مزید تقویت دی کہ فیڈرل ریزرو شرحِ سود کو آئندہ سال تک تبدیل نہیں کرے گا اور اسی سطح پر برقرار رکھے گا۔
فیڈرل ریزرو بینک آف نیویارک کے صدر جان ولیمز نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی منظرنامے کے پیشِ نظر مرکزی بینک کی مانیٹری پالیسی بالکل درست سمت میں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ وہ مستقبل قریب میں مہنگائی کی شرح بلند رہنے کی توقع کر رہے ہیں تاہم سال کے آخر میں یہ دباؤ کم ہوجائے گا۔
دوسری جانب اسپاٹ سلور 0.1 فیصد اضافے کے ساتھ 75.67 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئی اور پیلیڈیم 0.4 فیصد اضافے کے ساتھ 1,373.14 ڈالر پر آ گیا، یہ دونوں دھاتیں ہفتہ وار اضافے کی جانب گامزن ہیں۔
تاہم، پلاٹینم 0.4 فیصد کمی کے ساتھ 1,915.53 ڈالر پر آ گیا اور یہ ہفتہ وار خسارے کی طرف بڑھ رہا ہے۔


Comments