جدید ایویونکس اور نیوی گیشنل سسٹم سے لیس فتح 4 میزائل کا کامیاب تجربہ
- صدر، وزیراعظم اور عسکری قیادت کی مبارکباد، سائنسدانوں اور انجینئرز کی انتھک محنت اور تکنیکی مہارت کا اعتراف
پاکستان نے جمعرات کو مقامی سطح پر تیار کردہ زمین سے مار کرنے والے کروز میزائل فتح-4 کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اس حوالے سے تفصیلات جاری کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تجربہ پاکستان آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی جانب سے کیا گیا جس کا مقصد میزائل کے تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق اور فوج کی آپریشنل تیاریوں کو مزید بہتر بنانا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فتح-4 میزائل سسٹم جدید ایویونکس اور نیوی گیشنل آلات سے لیس ہے، جو اسے طویل فاصلے تک اپنے اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کے قابل بناتا ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ تربیتی فائر کا مقصد دستوں کی آپریشنل کارکردگی میں اضافہ کرنا اور بہتر درستگی و دفاعی صلاحیت کے لیے شامل کیے گئے مختلف ذیلی نظاموں کے تکنیکی پیرامیٹرز کی جانچ کرنا تھا۔
پاکستان آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے سینئر افسران کے علاوہ متعلقہ ادارے کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی میزائل لانچ کا مشاہدہ کیا۔
صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کامیاب تجربے پر متعلقہ ٹیموں کو مبارکباد پیش کی۔
بیان کے مطابق انہوں نے ایف سیریز کے میزائل کی کامیاب لانچنگ میں حصہ لینے والے سائنسدانوں، انجینئرز اور جوانوں کی تکنیکی مہارت، لگن اور عزم کو سراہا۔

Comments