ویرات کوہلی کی شاندار سنچری، کرس گیل کا ریکارڈ توڑ کر تیز ترین 14 ہزار ٹی 20 رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے
- میدان میں فیلڈنگ ہو یا بیٹنگ، میں بس اپنا تن من دھن وار دیتا ہوں، اسٹار بلے باز
ویرات کوہلی نے اپنے شاندار کیریئر کے آخری سالوں کو یادگار بنانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے آئی پی ایل میں ایک بار پھر اپنی بلے بازی کا لوہا منوا لیا ہے۔
37 سالہ کوہلی نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف 60 گیندوں پر 105 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر رائل چیلنجرز بنگلورو کو پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن دلا دی۔ یہ ان کی آئی پی ایل میں نویں سنچری تھی، جبکہ وہ کرس گیل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیز ترین 14,000 ٹی 20 رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
رائے پور میں میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ اتنے برسوں بعد بھی ان کا کھیل کے لیے جنون برقرار ہے۔ انہوں نے کہا میں میدان میں اپنا تن من دھن وار دیتا ہوں کیونکہ ایک دن یہ سب ختم ہو جانا ہے، اس لیے میں ہر لمحے سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں،انہوں نے مزید کہا کہ دباؤ میں کارکردگی دکھانے سے انسان کا کردار مضبوط ہوتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کوہلی گزشتہ دو اننگز میں مسلسل صفر پر آؤٹ ہوئے تھے لیکن اس میچ میں انہوں نے صرف باؤنڈریز پر انحصار کرنے کے بجائے بہترین رننگ بٹوین دی وکٹ کے ذریعے 193 رنز کا ہدف پانچ گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔ کوہلی کا ماننا ہے کہ کرکٹ کے لیے ہندوستانیوں کا جوش و خروش ہی انہیں ہمیشہ محنت کرنے اور عاجز رہنے پر مجبور کرتا ہے۔


Comments