نیول چیف کا مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور سمندری شاہراہوں کو لاحق خطرات کے پیشِ نظر جنگی تیاریوں پر زور
- اعلیٰ سطح کے فورم کا آپریشنل تیاریوں کا جائزہ اور ترجیحات کو علاقائی بحری سلامتی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ
نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف نے کانفرنس کی صدارت کی، جس میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز نے شرکت کی۔
نیول چیف نے روایتی اور غیر روایتی خطرات کے خلاف مسلسل جنگی تیاریوں پر زور دیا۔ اس اعلیٰ سطح کے فورم میں آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور ترجیحات کو علاقائی سمندری سیکورٹی کے تقاضوں کے مطابق ترتیب دیا گیا۔
مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں ایڈمرل نوید اشرف نے جہاز رانی کی آزادی، سمندری مواصلاتی شاہراہوں کو لاحق خطرات اور چوک پوائنٹس پر غیر مستحکم سیکورٹی کی صورتحال کو اجاگر کیا۔ انہوں نے جدید ترین ٹیکنالوجی کے حصول کو اسٹریٹجک ضرورت قرار دیا۔
نیول چیف نے علاقائی امن و استحکام کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار پر زور دیا، جس میں خلیج عمان میں موجودگی کے ذریعے سمندری برادری کو تحفظ کی فراہمی شامل ہے۔
کانفرنس میں آپریشن معرکہِ حق کی پہلی سالگرہ بھی منائی گئی۔ اس موقع پر مئی 2025 کے تنازع میں دی گئی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں جارحیت کے خلاف قومی اتحاد کا ثبوت قرار دیا گیا۔

Comments