کاروبار اور معیشت
حکومت نے مہنگی گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹیین فیول پر لیوی 200 روپے فی لیٹر بڑھا دی
- اضافے کے بعد لیوی 300 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
پاکستان حکومت نے اتوار کو مہنگی گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹیین فیول پر عائد لیوی میں فی لیٹر 200 روپے اضافہ کر دیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایندھن کی قیمتوں کے حوالے سے ایک ورچوئل اجلاس کے بعد یہ اضافہ کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم کے دفتر کے بیان کے مطابق وزیراعظم نے نوٹس لیا کہ سب سے مہنگی گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹیین فیول پر عائد لیوی میں اضافہ کیا جانا چاہیے۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فیصلہ کیا کہ جو لیوی پہلے 100 روپے فی لیٹر تھی اسے 200 روپے فی لیٹر بڑھا دیا جائے۔
اب لیوی 300 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اس اضافہ کے بعد ہائی آکٹیین فیول کی قیمت 535 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔


Comments