ایران کا امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کے خلاف یکجہتی پر پاکستان سے اظہار تشکر
- ایران اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ثابت قدمی سے کھڑا ہے، سید عباس عراقچی
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے پیر کو امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور حمایت کے اظہار پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
عباس عراقچی نے اپنے ایکس (ٹویٹر) اکاؤنٹ پر اردو میں لکھی گئی ایک پوسٹ میں کہا کہ اس بابرکت، الہیٰ ،روحانی دن اور گھڑی میں، میں امریکہ اور صہیونی ریاست کی جارحیت کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کے بھرپور اظہار پر حکومتِ پاکستان اور وہاں کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران اللہ تعالیٰ پر مکمل بھروسہ کرتے ہوئے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ثابت قدمی اور استقامت کے ساتھ کھڑا ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایران پر حملوں اور تہران کی طرف سے علاقائی اڈوں پر جوابی کارروائی کے بعد پاکستان نے 28 فروری کو ایران کے خلاف اسرائیل اور امریکہ کے بلا جواز حملوں کی مذمت کی تھی اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔
ان حملوں کے بعد پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ان کے ایرانی ہم منصب عراقچی کی کال موصول ہوئی تھی۔ وزارتِ خارجہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے ایران اور وسیع تر خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا۔
علاوہ ازیں 12 مارچ کو پاکستان نے ایران کے جوہری مسئلے کو پرامن ذرائع سے حل کرنے کی حمایت کا اعادہ کیا۔ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سیکیورٹی کونسل کی بریفنگ کے دوران اس بات پر زور دیا کہ سفارت کاری اور مذاکرات کو ہی تمام متنازع مسائل کے حل کے لیے رہنما اصول ہونا چاہیے۔


Comments