نیوزی لینڈ کے جنوبی جزیرے میں موسلا دھار بارشوں سے شدید تباہی
نیوزی لینڈ کے جنوبی جزیرے میں منگل کے روز موسلا دھار بارش نے شدید تباہی مچادی، جس کے باعث کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور متعدد سڑکیں اور پل بند کرنا پڑے۔ یہ طوفانی بارشوں کا نظام دارالحکومت ویلنگٹن میں ہفتے کے اختتام سے جاری وسیع پیمانے پر تباہی کے بعد جنوب کی جانب بڑھا ہے۔
محکمہ موسمیات میٹ سروس نیوزی لینڈ کے مطابق مشرقی ساحل کے قریب موجود کم دباؤ کا نظام مزید تیز بارش کا سبب بن سکتا ہے۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہوسکتی ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ تازہ ترین اپ ڈیٹ میں بلند سمندری لہروں اور خطرناک بحری حالات کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
کرائسٹ چرچ کے قریب بینکس پیننسولا میں مقامی سطح پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ سیلاب، درختوں کے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی آبادیوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جبکہ بعض علاقوں میں بجلی اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا ہے۔ کرائسٹ چرچ کے میئر فل ماگر نے کہا کہ موسم میں بہتری کی توقع تھی لیکن اب شام 6 بجے سے پہلے حالات میں نمایاں کمی کے آثار نہیں۔
سیلابی پانی سے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ متاثر ہونے کے بعد بعض گھروں کو پینے کا پانی ابال کر استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سیاحتی مقام اکاروآ بھی زمینی راستوں سے کٹ گیا ہے، جہاں مقامی افراد کے مطابق پانی کاروباری عمارتوں کی دیواروں تک پہنچ چکا ہے۔ شمالی جزیرے میں بھی پروازیں منسوخ اور شاہراہیں بند رہیں جبکہ ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہیں۔


Comments