پاکستانی بانڈز میں جون 2024 کے بعد سب سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری، بلومبرگ
- جنوری میں خالص سرمایہ کاری 176 ملین ڈالر تک پہنچ گئی، رپورٹ
بلومبرگ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پاکستان کے سرکاری بانڈز میں گزشتہ 19 ماہ یعنی جون 2024 کے بعد سب سے بڑی ماہانہ غیر ملکی سرمایہ کاری دیکھی گئی ہے۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ پاکستانی روپے کی قدر مستحکم ہونے کے ساتھ ہی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ جنوری میں خالص سرمایہ کاری 176 ملین ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ ایک سال قبل اسی عرصے میں 50 ملین ڈالر نکالے گئے تھے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس سرمایہ کاری کا 85 فیصد حصہ ایک سال یا اس سے کم مدت کے شارٹ ٹرم بانڈز میں لگایا گیا ہے۔
بلومبرگ کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی اس وقت آئی جب پاکستانی روپیہ جولائی کی اپنی کم ترین سطح سے بحال ہوا اور اب وہ ڈالر کے مقابلے میں مسلسل آٹھویں ماہ اپنی قدر میں اضافے کی جانب گامزن ہے۔ٹاپ لائن سیکیورٹیز لمیٹڈ کے سی ای او محمد سہیل نے سرمایہ کاری میں اس اضافے کی وجہ کرنسی کے استحکام کو قرار دیا۔
دریں اثنا فچ سلوشنز کے ذیلی ادارے بی ایم آئی نے توقع ظاہر کی ہے کہ پالیسی ساز 2026 میں روپے کو امریکی ڈالر کے مقابلے میں 280 کے آس پاس برقرار رکھیں گے۔وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کرنسی کے استحکام، بہتر ہوتے ہوئے بیرونی توازن اور پالیسی کے تسلسل کو ان عوامل میں شامل کیا جو اس سرمایہ کاری کی وجہ بنے۔
جمعہ کوانٹر بینک مارکیٹ میں روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں 279.62 پر بند ہوا۔


Comments