بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکورٹی فورسز نے 12 دہشت گرد ہلاک کر دیے، آئی ایس پی آر
- فوج کے میڈیا ونگ کے مطابق دہشت گردوں کا پولیس اسٹیشن میں اہلکاروں کویرغمال بنانے کا منصوبہ بھی موثر طور پر ناکام بنا دیا گیا
پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خاران میں متعدد آپریشنز کے دوران 12 دہشت گرد ہلاک کر دیے اور ان کے پولیس اسٹیشن کو یرغمال بنانے کی سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔ یہ بات فوج کے میڈیا ونگ نے جمعہ کو ایک بیان میں کہی ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق ” 15 جنوری 2026 کو تقریباً پندرہ سے بیس بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے ’فتنہ ال ہندوستان‘ کے نام سے خاران شہر میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیاں کیں، جن میں دہشت گردوں نے سٹی پولیس اسٹیشن، نیشنل بینک آف پاکستان اور حبیب بینک لمیٹڈ پر حملہ کیا۔ اس دوران دہشت گردوں نے بینکوں سے 3.4 ملین روپے لوٹ لیے۔
سیکورٹی فورسز نے موثر ردعمل ظاہر کیا اور دہشت گردوں سے مقابلہ کیا، جس کے باعث وہ پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہوئے۔ بعد ازاں کلئیرنس آپریشن کے دوران تین مختلف کارروائیوں میں 12 دہشت گرد جہنم کی راہ پر بھیج دیے گئے۔ پولیس اسٹیشن میں یرغمالی صورتحال پیدا کرنے کے دہشت گردانہ منصوبے کو بھی مؤثر طریقے سے ناکام بنایا گیا۔“
”مضافاتی علاقوں میں کسی بھی دیگر بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔“
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اور پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ’عزمِ استحکام‘ کے تحت (جیسا کہ وفاقی اپیکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان نے منظور کیا) انسداد دہشت گردی کی مہم مکمل رفتار سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
اس سے قبل پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں 13 اور 14 جنوری کو الگ الگ انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز میں بھارتی حمایت یافتہ گروہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گرد ہلاک کیے تھے، یہ بات آئی ایس پی آر نے جمعرات کو بتائی ہے۔


Comments